سماجی انصاف بی جے پی کیلئے آستھا کا معاملہ:مودی

   

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) بجرنگ بلی کی طرح عظیم چیلنجوں پر قابو پانے کی صلاحیت رکھتی ہے اور کارکنوں کی لگن اور ‘نیشن فرسٹ’ کے منتر کے اصول پر یہ ملک میں ایک نئے سیاسی کلچر کو جنم دینے میں کامیاب رہا ہے ۔ مودی نے یہ بات یہاں بی جے پی کے مرکزی دفتر میں پارٹی کے 44ویں یوم تاسیس کے موقع پر پارٹی کے عہدیداروں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ سماجی انصاف بی جے پی کا سیاسی نعرہ نہیں بلکہ آستھا کا معاملہ ہے ۔ قبل ازیں بی جے پی صدر جگت پرکاش نڈا نے پارٹی پرچم لہرایا۔اپنے خطاب کے آغاز میں مودی نے پارٹی کو اس مقام تک پہنچانے والے تمام سابق قائدین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ “آج ہم سب اپنی پارٹی کا یوم تاسیس منا رہے ہیں۔ میں بی جے پی کے ہر کارکن کو مبارکباد دیتا ہوں جو مادر ہند کی خدمت کے لیے وقف ہے ۔ بی جے پی کے قیام سے لے کر آج تک جن عظیم ہستیوں نے پارٹی کو سیراب کیا ہے ، پارٹی کو پروان چڑھایا ہے ، مضبوط کیا اور اسے مالا مال کیا ہے ، وہ تمام عظیم ہستیاں جنہوں نے چھوٹے سے کارکن سے لے کر بڑے عہدے تک ملک اور پارٹی کی خدمت کی ہے ، جن کے آگے میں اپنا سر جھکاتا ہوں۔