سماجی انصاف کی فراہمی صرف کانگریس پارٹی سے ممکن: اتم کمار ریڈی

   

تلنگانہ بی سی کمیشن نے جائزہ حاصل کرلیا، ذات پات پر مبنی مردم شماری اور مجالس مقامی میں تحفظات اہم ذمہ داری
حیدرآباد ۔9۔ ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ بیاک ورڈ کلاسس کمیشن نے آج جائزہ حاصل کرلیا۔ تلنگانہ حکومت نے سینئر کانگریس قائد جی نرنجن کو بی سی کمیشن کا صدرنشین مقرر کیا ہے جبکہ ارکان کے طور پر سینئر صحافی ٹی سریندر ، آر جئے پرکاش اور شریمتی بالا لکشمی کو نامزد کیا گیا۔ وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی ، رکن پارلیمنٹ بھونگیر سی ایچ کرن کمار ریڈی، سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ اور دیگر کانگریس قائدین کی موجو دگی میں کمیشن نے جائزہ حاصل کیا۔ اس موقع پر اتم کمار ریڈی نے کہا کہ سماجی انصاف صرف کانگریس پارٹی سے ممکن ہے اور ذات پات پر مبنی مردم شماری کا کانگریس نے فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف کانگریس پارٹی ہی مردم شماری کو یقینی بنائے گی۔ ملک میں کانگریس زیر اقتدار ریاستوں میں ذات پات پر مبنی مردم شماری کا آغاز کیاجارہا ہے ۔ کانگریس قائد راہول گاندھی نے ملک بھر میں کمزور طبقات کو سماجی انصاف کی فراہمی کیلئے ذات پات پر مبنی مردم شماری کی تجویز پیش کی ہے جسے عوام کی تائید حاصل ہوئی ہے ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ صدر کانگریس ملکارجن کھرگے اور کانگریس قائدین سونیا گاندھی نے ذات پات پر مبنی مردم شماری کی تائید کی ہے ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی اور ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے تلنگانہ میں مردم شماری کے آغاز کا تیقن دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں او بی سی طبقات کے ساتھ انصاف کیا گیا ۔ موجودہ نریندر مودی حکومت نے پسماندہ طبقات کے ساتھ ناانصافی کی ہے۔ کانگریس دور حکومت میں سماجی انصاف کے علاوہ او بی سی طبقات کو اہم عہدوں پر فائز کیا گیا ۔ بی سی کمیشن کے صدرنشین کے عہدہ پر جی نرنجن کے تقرر کا خیرمقدم کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ نرنجن پارٹی سے طویل وابستگی کے علاوہ عوامی خدمات کا ریکارڈ رکھتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت نے بی سی کمیشن کو مجالس مقامی کے انتخابات میں بی سی تحفظات کو قطعیت دینے کی جو ذمہ داری دی ہے ، اسے بحسن خوبی انجام دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بی سی کمیشن کی تشکیل کے ذریعہ ہر طبقہ کو انصاف حاصل ہوسکتا ہے ۔ سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ مجالس مقامی کے انتخابات سے قبل بی سی تحفظات کا فیصلہ کیا جانا چاہئے ۔ فارمرس کمیشن کے صدرنشین ایم کودنڈا ریڈی اور دیگر قائدین نے جی نرنجن اور ارکان کو مبارکباد پیش کی۔ 1