سماجی تعمیر میں صحافیوں کو ذمہ دارانہ کردار ادا کرنے کا مشورہ

   

جے این جے ہاؤزنگ سوسائٹی کو اراضی حوالگی، چیف منسٹر ریونت ریڈی کا خطاب

حیدرآباد۔8 ۔ ستمبر ۔(سیاست نیوز) صحافی سماج کے ڈاکٹرس ہیں جو سماجی بیماریوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کے علاج کو یقینی بناتے ہیں۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے آج رویندر بھارتی میں منعقدہ صحافیوں کو اراضی کی حوالگی کے سلسلہ میں تقریب سے خطاب کے دوران یہ بات کہی ۔ جواہر لعل نہرو جرنلسٹ ہاؤزنگ سوسائیٹی کو حکومت کی جانب سے اراضی کی حوالگی کی تقریب سے خطاب کے دوران چیف منسٹر نے کہا کہ اس سوسائیٹی کے 1105 اراکین کو اراضیات کی حوالگی کے سلسلہ میں گذشتہ 10 برسوں کے دوران کوئی پیشرفت نہیں ہوئی جبکہ ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی نے اپنے دور حکومت میں صحافیوں کو امکنہ کی فراہمی کے سلسلہ میں اقدامات کا آغاز کیا تھا ۔مسٹر اے ریونت ریڈی نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ صحافیوں کا طویل خواب اب شرمندہ تعبیر ہونے جا رہا ہے۔انہو ںنے بتایا کہ ریاست میں اندراماں راجیم میں صحافیوں کو مکمل آزادی فراہم کی جا رہی ہے ۔انہو ںنے بتایا کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے جلد ہی ’فیوچر سٹی‘ میں تمام مستحق صحافیوں کو امکنہ کی فراہمی کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ انہو ںنے سماجی تعمیر میں صحافیوں کو ذمہ دارانہ کردار ادا کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی نظریات اور جماعتوں کی ملکیت و الے صحافتی ادارے اپنے نظریات کو فروغ دینے میں مصروف ہیں جبکہ حقیقی صحافیوں کو بیباکی کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے۔چیف منسٹر نے اس تقریب کے دوران ریاستی وزراء ‘ صدرنشین پریس اکیڈیمی کے علاوہ عہدیداروں کی موجودگی میں پیٹ بشیرآباد میں صحافیوں کے لئے حوالہ کی گئی 38 ایکڑ اراضی کے دستاویزات جواہر لعل نہرو جرنلسٹس ہاؤزنگ سوسائیٹی کے ذمہ داروں کے حوالہ کئے ۔چیف منسٹر نے اس موقع پر اپنے خطاب کے دوران کہا کہ ریاستی حکومت صحافیوں کے مسائل کو حل کرنے کے سلسلہ میں اقدامات کئے جا رہے ہیں۔انہو ںنے بتایا کہ حکومت صحافیوں کے ہیلت کارڈ‘ انشورنس اور اکریڈیشن کارڈس کے مسائل کے حل کے سلسلہ میں اقدامات کر رہی ہے اور اس سلسلہ میں صدرنشین تلنگانہ پریس اکیڈیمی مسٹر کے سرینواس ریڈی کی نگرانی میں کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔چیف منسٹر نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے صحافیوں کے مسائل اور متوفی صحافیوں کی امداد کے لئے اقدامات کو یقینی بنایا جا رہاہے۔مسٹر اے ریونت ریڈی نے اراضی حاصل کرنے والے صحافیوں کو مشورہ دیا کہ وہ صحافت کی آڑ میں سیاست کرنے والے صحافیوں کے خلاف کاروائی پر ذمہ دارانہ کردار ادا کریں اور ان کی نشاندہی کریں۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی فرد کے لئے ایک مکان اور اراضی کی ملکیت ایک بہت بڑا خواب ہوتا ہے اور صحافیوں کو اراضیات کی فراہمی کے سلسلہ میں حکومت کی جانب سے ا س خواب کی تکمیل کویقینی بنایا جاچکا ہے۔انہوں نے بتایا کہ کسی بھی شعبہ میں اس کے اقدار کو ملحوظ رکھتے ہوئے اپنی قدر کروائی جاسکتی ہے اسی لئے صحافیوں کو بھی اقدار ملحوظ رکھنے چاہئے ۔چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ حکومت حقیقی صحافیوں کی کسی بھی طرح کی ناقدری یا بے عزتی کرنا نہیں چاہتی ۔صحافیوں کو اراضی کی حوالگی کی اس تقریب میں ریاستی وزراء مسٹر پونم پربھاکر‘ مسٹر پی سرینواس ریڈی ‘ مئیر جی ایچ ایم سی محترمہ وجیہ لکشمی ‘ مشیر برائے حکومت مسٹر ویم نریندر ریڈی ‘ مسٹر انیل کمار یادو رکن راجیہ سبھا ‘ مسٹر کے سرینواس ریڈی صدرنشین تلنگانہ پریس اکیڈیمی کے علاوہ دیگر عہدیدار موجود تھے ۔ چیف منسٹر نے سوسائیٹی کے ذمہ داروں کو اراضی کے دستاویزات کی حوالگی کے ساتھ مابقی صحافیوں کے لئے امکنہ اسکیم کے تحت فیوچر سٹی میں اراضی حوالہ کرنے کے اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت تمام مستحقین کا احاطہ کرے گی۔انہو ںنے بتایا کہ تلنگانہ میں گذشتہ 10 برسوں کے دوران سیاحتی اور دیگر پالیسی پر کوئی کام نہیں کیاگیا لیکن کانگریس اقتدار میں آنے کے بعد سے حکومت مختلف پالیسیاں تیار کرنے میں مصروف ہے۔3