حیدرآباد۔ 19 ڈسمبر (سیاست نیوز) سماج کی تعمیر میں کتابوں کا اہم رول ہوتا ہے اور عوام میں مطالعہ کے شوق میں اضافے کی ضرورت ہے۔ تلنگانہ اسٹیٹ پلاننگ بورڈ کے نائب صدرنشین بی ونود کمار نے آج نیشنل بک ایگزیبیشن کا پوسٹر جاری کیا۔ انہوں نے حیدرآباد میں بک اگزیبیشن کے اہتمام پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ تشکیل تلنگانہ کے بعد حکومت نے بک اگزیبیشن کے انعقاد میں بھرپور تعاون کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کی اس نمائش کو قومی سطح پر شناخت حاصل ہے جس میں قومی اور بین الاقوامی مصنفین کی کتابیں شامل رہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد مختلف مذاہب زبان اور تہذیبوں سے وابستہ افراد پر مشتمل ایک گلدستہ ہے اور حیدرآباد میں بین الاقوامی سطح کی بک ایگزیبیشن کا اہتمام باعث مسرت ہے۔ ایگزیبیشن میں تمام زبانوں میں اہم موضوعات پر کتابیں موجود رہیں گی۔ 23 ڈسمبر تا یکم جنوری این ٹی آر اسٹیڈیم میں نمائش منعقد ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں ماہ ڈسمبر کی شناخت بک ایگزیبیشن سے بن چکی ہے۔ حیدرآباد بک فیر کے صدر جے گوری شنکر، رامانند تیرتھ کے ڈائرکٹر نارا کشور ریڈی اور دوسرے اس موقع پر موجود تھے۔