پنجی : یوتھ کانگریس ورکرس نے اتوار کے روز گوا کے ایک ریستوران کے روبرو احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ جس کے بارے میں یہ کہا جارہا ہے کہ ریستوران کے مالکہ مرکزی وزیر سمرتی ایرانی کی دختر ہے ۔ یاد رہے کہ ہفتہ کے روز کانگریس نے مطالبہ کیا تھا کہ سمرتی ایرانی کی دختر غیرقانونی طور پر ایک بار ( شراب خانہ ) چلاتی ہے لیکن سمرتی ایرانی نے کانگریس کے الزام کو یہ کہہ کر مسترد کردیا تھا کہ کانگریس ان کے خاندان کی شبیہہ خراب کرنا چاہتی ہے اور یہ جو کچھ بھی کیا گیا ہے وہ گاندھی خاندان کی ایماء پر کیا گیا ہے کیونکہ گاندھی خاندان کو نیشنل ہیرالڈ کیس میں ای ڈی کے سامنے جوابدہ بنایا گیا تھا اسی لئے انتقامی طور پر پارٹی میری دختر پر یہ الزام لگارہی ہے ۔ دوسری طرف گوا کانگریس کے چیف امیت پاٹکرنے کہا کہ مذکورہ شراب خانہ کی لائسنس کی تجدید کیلئے جس شخص کا نام دیا گیا ہے وہ زندہ ہی نہیں ہے۔ یوتھ کانگریس کے صدر وراڈ مرڈولکر اور ریاستی یونٹ کے ترجمان امرناتھ نے احتجاج کی قیادت کی جس کا انعقاد گوا کے سلی سولز ریسٹورنٹ کے روبرو کیا گیا ۔ انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ شراب خانہ کے بارے میں حقائق سامنے آنے پر ایکسائز کمشنر نے ایک شکایت کی بنیادپر وجہ نمائی نوٹس بھی جاری کی ہے جس کا جواب 29جولائی تک داخل کرنا ہے ۔