تیل اور شکر کی مقدار ڈسپلے بورڈس پر دکھانے ہوٹلس کو ہدایت، مرکزی محکمہ صحت کے احکامات
حیدرآباد ۔ 19 جولائی (سیاست نیوز) مرکزی وزارت صحت نے صحتمندانہ طرز زندگی کو فروغ دینے موٹاپے اور غیرمتعدی بیماریوں کی روک تھام کیلئے ایک اہم پروگرام شروع کیا ہے۔ سموسہ، جلیبی، کچوری، پیزا، برگر، فرنچ فرائز، گلاب جامن، وڈاپاو، سافٹ ڈرنکس اور دیگر اسناکس میں پائے جانے والے شکر، نمک اور تیل کی مقدار کو دوکانات کے ڈسپلے بورڈ پر لگانے کیلئے خصوصی مہم شروع کرنے کی تمام وزارتوں، محکمہ جات اور ان کے شعبوں کو ہدایت دی ہے۔ موٹاپے سے نمٹنے اور دیگر بیماریوں کے خطرات سے عوام کو محفوظ رکھنے کیلئے روزانہ اس کی یاد دہانی کرانے کیلئے تمام دفتری اسٹیشنری جیسے لیٹرہیڈس، لفافوں، نوٹ پیاڈس، فولڈرس پر صحت کے پیغامات پرنٹ کرانے کا بھی محکمہ مرکزی صحت نے مشورہ دیا ہے۔ آئیل بورڈ پر کھانے پینے کی اشیاء جیسے فرنچ فرائز، برگر، پیزا، سموسہ، پکوڑے اور وڈاپاو میں تیل کی مقدار کیا ہے اس کی وضاحت کرنے پر زور دیا گیا ہے جبکہ شوگر بورڈ پر سافٹ ڈرنکس گلاب جامن اور جلیبی میں شوگر کی مقدار کو ظاہر کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ مرکزی حکومت نے کہا کہ عوام کی صحت و تندرستی پر توجہ دینا ہر ایک کی ذمہ داری ہے۔ تمباکو کی طرح اسنیکس پر غور کرنے کی جانب یہ پہلا قدم ہے۔ ضمنی قانون سازی سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کے صدرنشین ملندیورا نے واضح کیا ہیکہ ان تمام کھانے پینے کی اشیاء کو صحت کے خطرات کے حوالے سے اس طرح غور کرنا چاہئے جس طرح تمباکو کے بارے میں غور کیا جاتا ہے۔2