بھونیشور: اوڈیشہ حکومت نے سنبل پور ضلع میں دو گروپوں کے درمیان تشدد کے پیش نظر جمعرات کی صبح 10 بجے سے اگلے 48 گھنٹے کے لیے انٹرنیٹ خدمات کو عارضی طور پر معطل کر دیا ہے ۔ ریاستی حکومت نے چہارشنبہ کی شام سمبل پور قصبے میں ہنومان جینتی کوآرڈینیشن کمیٹی اور بجرنگ دل کے کارکنوں کے ذریعہ نکالے گئے موٹر سائیکل جلوس کے دوران دو گروپوں کے درمیان تصادم کی اطلاعات کے بعد یہ پابندی عائد کی۔یہ نوٹیفکیشن آج حکومت نے جاری کیا ہے ۔ یہ پابندی ریاستی حکومت کی جانب سے سوشل میڈیا پر پھیلائے جانے والے اشتعال انگیز پیغامات کو پھیلنے سے روکنے کے لیے لگائی گئی ہے ۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ ڈی کے سنگھ نے وٹس ایپ، فیس بک، ٹویٹر، انسٹاگرام، اسنیپ چیٹ، موبائل انٹرنیٹ سمیت ٹیلی کام سروسز کی انٹرنیٹ اور ڈیٹا سروسز کو عارضی طور پر بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی تمام موبائل سروس پرووائیڈرز کی ڈیٹا سروسز، تمام انٹرنیٹ سروس پرووائیڈرز کی براڈ بینڈ اور انٹرنیٹ سروسز کو بھی عارضی طور پر معطل کردیا گیا ہے ۔