جامع مسجد کمیٹی کا اعلان‘امن کی برقراری کیلئے عوام سے اپیل
سنبھل:ہولی اور جمعہ کی نماز ایک ہی دن ہونے کی وجہ سے نماز کے وقت سے متعلق الجھن دور ہو گئی ہے۔ سنبھل اور کانپور کی جامع مسجد کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ جمعہ کی نماز 14 مارچ کو دوپہر 2.30 بجے ادا کی جائے گی۔سنبھل جامع مسجد کمیٹی کے سربراہ ایڈوکیٹ ظفر علی نے اعلان کیا کہ یہ فیصلہ شہر میں امن اور بھائی چارہ برقرار رکھنے کیلئے لیا گیا ہے۔ انہوں نے ہندو اور مسلم دونوں برادریوں سے ہم آہنگی اور امن برقرار رکھنے کی اپیل کی۔ہر مذہب کے لوگ اپنے تہوار اور مذہبی سرگرمیاں پرامن طریقے سے مکمل کریں۔ کہیں بھی کوئی پریشانی ہو تو فوراً انتظامیہ کو مطلع کریں۔ اسی طرح کانپور کی جامع مسجد نے بھی نماز جمعہ کا وقت بدل کر ڈھائی بجے کر دیا ہے۔ مسجد انتظامیہ نے باہر نوٹس لگا کر یہ اطلاع دی ہے۔نوٹس میں لکھا گیا ہے کہ 14 مارچ کو ہولی کے پیش نظر جمعہ کی نماز ڈھائی بجے ادا کی جائے گی۔ تمام مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ گھر سے قریب کی مسجد میں نماز ادا کریں اور بلا ضرورت باہر نہ نکلیں۔ مسجد کمیٹی نے یہ بھی کہا ہے کہ اگر کوئی اپنے علاقے کی مسجد میں نماز پڑھنا چاہتا ہے تو وہ وہاں بھی جا سکتا ہے۔ انتظامیہ اور مسجد کمیٹی نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ہولی اور جمعہ کی نماز محبت اور ہم آہنگی کے ساتھ منائیں اور امن و امان کو برقرار رکھیں اور مل جل کر تہوار منائیں ۔