سنت کبیر داس کی یوم پیدائش ہریانہ گورنر و چیف منسٹر کی مبارکباد

   

چنڈی گڑھ: ہریانہ کے گورنر ستیہ دیو نارائن آریہ اور چیف منسٹر منوہر لال کھٹر نے سنت کبیر داس جینتی کے موقع پر ریاست کی عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی خوشحالی کی دعا کی۔ نارائن آریہ نے کہا کہ سنت کبیر کے ذریعہ دیئے گئے مساوات کا پیغام آج بھی سب کیلئے اہم ہے ، لہذا سب کو ان کی تعلیمات پر عمل کرنا چاہئے اور معاشرے میں اتحاد و یکجہتی کے پیغام کو عام کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ سنت کبیر داس معاشرے میں پھیلے ہوئے تکبر کے مخالف تھے ۔ انہوں نے لوگوں کو اتحاد کا سبق سکھایا۔ ایک عظیم شاعر کی حیثیت سے ان کی باتیں ہمیشہ انسانی زندگی کو نئی تحریک دیتی رہیں گی۔ کھٹر نے کہاکہ کبیر جی کسی ایک ذات اور کمیونٹی کے نہیں تھے بلکہ وہ انسانیت کے رہنما تھے۔ ان کے کلام اور تعلیمات لافانی ہیں جو آج بھی نئی معلوم ہوتی ہیں۔