جکارتہ ۔ 24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو اور کڈمبی سریکانت نے یہاں کھیلے جارہے انڈونیشیاء ماسٹرس کے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ سندھو نے پری کوارٹر فائنل مقابلہ میں مقامی اور پسندیدہ کھلاڑی جارجیا مریسکا کو صرف 37 منٹوں میں ہی 23-21,21-07 سے شکست دیتے ہوئے ٹورنمنٹ کے آخری 8 کھلاڑیوں میں جگہ بنا لی ہے۔ مرد زمرہ کے مقابلوں میں عالمی درجہ بندی میں آٹھویں مقام پر فائز سریکانت نے جامع کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے جاپان کے برونز میڈلسٹ کینٹا نیشی موٹو کو 21-14,21-09 سے شکست دی ہے۔ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی 23 سالہ سندھو جنہوں نے کامن ویلتھ گیمس، ورلڈ چمپئن شپ اور ایشین گیمس میں سلور میڈلس حاصل کئے ہیں وہ یہاں بھی خطاب کیلئے پرامید ہیں لیکن ان کیلئے سب سے بڑی رکاوٹ کوارٹر فائنل میں متوقع اسپین کی کھلاڑی کوریلینا مارن ہوں گی۔ علاوہ ازیں سری کانت جنہوں نے گذشتہ برس بھی ملیشیا اوپنس کا کوارٹر فائنل کھیلا تھا اب انہیں کوارٹر فائنل میں انڈونیشیاء کے ایشین گیمس چمپئن جوناتھن کرسٹی اور چین کے آل انگلینڈ چمپئن شائی یوگی کے درمیان کھیلے جانے والے مقابلہ کے فاتح کھلاڑی سے ہوگا۔