نئی دہلی ۔ 10 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) انڈیا کی معروف بیڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو کو ووٹنگ کے ذریعے سنہ 2019 کے لیے بی بی سی انڈین اسپورٹس وومن آف دی ایئر منتخب کر لیا گیا ہے۔گذشتہ سال پی وی سندھو (پوسرلا وینکٹ سندھو) نے سوئٹزرلینڈ میں ہونے والی بیڈمِنٹن ورلڈ چمپئن شپ جیتی تھی اور ایسا کرنے والی وہ پہلی انڈین خاتون کھلاڑی بنی تھیں۔ایوارڈ جیتنے پر سندھو نے کہا ‘میں بی بی سی کی انڈین اسپورٹس وومن آف دی ایئر ٹیم کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گی۔ مجھے بہت خوشی ہے کہ مجھے یہ ایوارڈ ملا۔ میں اس پہل پر بی بی سی انڈیا کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہوں گی اور اپنے مداحوں کا بھی شکریہ ادا کرتی ہوں۔’پی وی سندھو نے ورلڈ چمپئن شپ میں پانچ میڈلز حاصل کیے ہیں۔ وہ اولمپکس میں خواتین کے بیڈمِنٹن سنگلز میں چاندی کا تمغہ جیتنے والی انڈیا کی پہلی کھلاڑی ہیں۔سندھو نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ‘میں اس ایوارڈ کو اپنے حامیوں اور مداحوں سے منسوب کرنا چاہتی ہوں جنھوں نے ہمیشہ میرا ساتھ دیا اور مجھے ووٹ دیا۔ بی بی سی انڈین سپورٹس وومن آف دی ایئر جیسے ایوارڈز ہم سب کو بہتر سے بہتر کرنے کی ترغیب دیتے ہیں۔ نوجوان خواتین کھلاڑیوں کے لیے میرا پیغام یہ ہو گا کہ خواتین کی حیثیت سے ہمیں خود پر اعتماد کرنا ہو گا۔ کامیابی کی کنجی محنت ہے۔ مجھے بھروسہ ہے کہ جلد ہی مزید انڈین خواتین ملک کے لیے ایوارڈز جیتیں گی۔عالمی وویمن ڈے کے موقعے پر دہلی میں منعقدہ ایوارڈ کی تقریب میں ممتاز کھلاڑیوں، صحافیوں اور نامور شخصیات موجود تھیں۔انڈیا کا نام روشن کرنے والی ایتھلیٹ پی ٹی اوشا کو کھیلوں میں اہم کردار ادا کرنے اور متاثر کن کردار نبھانے کے لیے ‘لائف ٹائم ایچیومنٹ ایوارڈ’ سے نوازا گیا۔پی ٹی اوشا نے اپنی پوری زندگی میں 100 سے زیادہ قومی اور بین الاقوامی میڈلز اور ایوارڈ جیتے ہیں۔