کراچی۔یکم فروری (سیاست ڈاٹ کام ) ویسٹ انڈیز ویمنز ٹیم نے پاکستان ویمنز ٹیم کو دوسرے ٹی20 میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد میچ ٹائی ہونے پر سوپر اوور میں شکست دے دی۔کراچی میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان کی کپتان بسمہ معروف نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے بیٹرس کی بہتر کارکردگی کی بدولت مقررہ اوور میں 4 وکٹوں پر 132 رنز بنائے۔کپتان بسمہ 31رنز بنا کر سب سے کامیاب رہیں جبکہ جویریہ خان نے26، نڈا ڈار نے 25 اور عالیہ ریاض نے 23 رنز بنائے۔ہدف کے تعاقب میں ابتدائی کھلاڑیوں کی عمدہ بیٹنگ کے باوجود ویسٹ انڈیزکی ٹیم بھی 132 رنز ہی بنا سکی۔ ایک موقع پر ویسٹ انڈیز نے دو وکٹوں کے نقصان پر 97 رنز بنائے تھے اور انہیں فتح کے لیے 27گیندوں پر 36 رنز درکار تھے لیکن اختتامی اوورز میں پاکستانی بولروںکی عمدہ بولنگ کے سبب وہ محض میچ ٹائی کرسکیں۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے شمین کیمبل 41، کیسیا نائٹ 32 اور دیندرا ڈوٹن 22 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔مقابلہ برابر رہنے پر فیصلہ سوپر اوور میں کرنے کا فیصلہ ہوا لیکن اس میں ڈوٹن نے تجربہ کار ثنا میر کے خلاف جارحانہ انداز اپنا کر میچ میں اپنی ٹیم کی فتح یقینی بنا دی۔ انہوں نے 2 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 18 رنز بنائے اور پاکستان کو فتح کے لئے 19رنز کا ہدف ملا۔ جواب میں پاکستان ابتدائی تین گیندوں پر ہی عالیہ ریاض اور ندا ڈار کی وکٹیں گنوا بیٹھا اور ویسٹ انڈیز نے میچ میں 17 رنز سے کامیابی حاصل کر کے سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔