سنکرانتی سے پہلے اہم شہروں کے 50فیصد بس ٹکٹس کی بکنگ

   

حیدرآباد16دسمبر(یواین آئی)اب جبکہ سنکرانتی کے لئے چند ہفتے رہ گئے ہیں،حیدرآباد سے آندھراپردیش کے اپنے آبائی مقام جانے والے افراد کی بڑی تعداد نے بڑے پیمانہ پر بسوں کے ٹکٹس کی بکنگ کرلی ہے ۔اے پی کے وشاکھاپٹنم،تروپتی کے ساتھ ساتھ کرناٹک کے بنگالورو اور تمل ناڈو کے چینئی کے لئے حیدرآباد سے جانے والی بسوں میں ریزرویشن کا عمل تقریبا مکمل ہوگیا ہے تاہم کرسمس اور سنکرانتی کے لئے خصوصی بسوں کی فہرست آندھراپردیش اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی جانب سے ہنوز جاری نہیں کی گئی ہے ۔جاریہ سال جنوری میں آرٹی سی کی جانب سے حیدرآباد سے ریاست کے مختلف مقامات کے لئے 5تا13جنوری خصوصی بسیں چلائی جائیں گی۔ان بسوں میں کرایہ 50فیصد زائد وصول کیاجائے گا۔علاوہ ازیں 3020خصوصی بسیں بھی چلائی جائیں گی تاکہ مسافرین سنکرانتی منانے کے لئے اپنے آبائی مقام جاسکیں۔کارپوریشن کو ان خصوصی بسوں کے ذریعہ 15کروڑ روپئے کی آمدنی ہوئی تھی۔اس مرتبہ بھی حیدرآبادسے 10تا15جنوری اے پی کے وجئے واڑہ،وشاکھاپٹنم،تروپتی،کرنول اور راجمندری جانے کے لئے اڈوانس بکنگ کی طلب میں اضافہ ہوا ہے ۔