راہول گاندھی کی سنگارینی ورکرس سے ملاقات، ریونت ریڈی اور دیگر قائدین کی شرکت
حیدرآباد ۔19۔اکتوبر (سیاست نیوز) کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی اور صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے منتھنی اسمبلی حلقہ میں سنگارینی کالریز کے اوپن کاسٹ مائیننگ سے تعلق رکھنے والے ورکرس سے ملاقات کی ۔ راہول گاندھی نے تقریباً 20 منٹ تک ورکرس سے ان کے مسائل پر بات چیت کی اور تکالیف کے بارے میں دریافت کیا ۔ انہوں نے ورکرس کو یقین دلایا کہ کانگریس پارٹی سنگارینی کالریز کو خانگیانے کی ہرگز اجازت نہیں دے گی۔ سنگارینی کالریز کے ایک ورکر کی قیامگاہ پر ملاقات کا اہتمام کیا گیا تھا۔ ورکرس نے راہول گاندھی سے اپیل کی کہ سنگارینی کالریز کو خانگیانے کا عمل روکنے کی مساعی کریں۔ انہوں نے سنگارینی کالریز کے ملازمین کو انکم ٹیکس سے استثنیٰ دینے اور سنگارینی کالریز کی ترقی کے اقدامات کا تیقن دیا ۔ راہول گاندھی کے دورہ سے قبل ریونت ریڈی ، سریدھر بابو اور مدھو یاشکی گوڑ نے سنگارینی کالریز ورکرس سے خطاب کرتے ہوئے یقین دلایا کہ کانگریس برسر اقتدار آنے پر ان کے مسائل کی یکسوئی ہوگی۔ ریونت ریڈی نے اعلان کیا کہ 9 ڈسمبر کو صبح 10.30 بجے لال بہادر اسٹیڈیم میں کانگریس حکومت حلف لے گی ۔ انہوں نے تقریب حلف برداری میں عوام سے شرکت کی اپیل کی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ 2004 ء کی طرح تلنگانہ میں کانگریس کی لہر دیکھی جارہی ہے ۔ تمام طبقات کانگریس پارٹی کے برسر اقتدار آنے کے حق میں ہیں۔ انہوں نے سنگارینی کالریز ورکرس سے اپیل کی کہ وہ اسمبلی چناؤ میں متحدہ طور پر کانگریس کے حق میں ووٹ دیں۔