سنگاریڈی میں پیر سے کورونا مریضوں کو مفت غذائی پیاکٹس کی تقسیم

   

حیدرآباد۔ سنگاریڈی ضلع انتظامیہ نے ہوم آئیسولیشن میں زیر علاج کورونا پازیٹیو مریضوں کو مفت اور تغذیہ بخش کھانے کے پیاکٹس پہونچانے کیلئے ایک منفرد طریقہ اختیار کیا ہے ۔ اس کے تحت ان مریضوں کو ان کے گھروں تک مفت کھانا فراہم کیا جائیگا ۔ یہ سہولت سنگاریڈی میونسپلٹی حدود میں پیر سے شروع ہوگی ۔ ضلع کلکٹر ایم ہنمنت راو نے آئیسولیشن میں زیر علاج مریضوں سے خواہش کی کہ وہ موبائیل نمبر 7207488745 پر دن میں دو بجے سے شام پانچ بجے تک کال کرتے ہوئے رجسٹریشن کروائیں اور اپنی تفصیلات پیش کریں۔ ضلع کلکٹر نے کئی کورونا پازیٹیو مریضوں سے آج فون پر بات کرتے ہوئے ان کے مسائل سے واقفیت حاصل کی ۔ انہیں پتہ چلا کہ چونکہ بعض معاملات میں سارا خاندان کورونا متاثر ہوگیا ہے اور آئسولیشن میں ہے اس لئے انہیں تیار کھانا حاصل کرنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ ضلع کلکٹر نے سپرنٹنڈنٹ کیڈر کے دو عہدیداروں کو ذمہ داری دی ہے کہ وہ فوڈ ہیلپ سنٹر کے ذریعہ غذائی پیاکٹس کی تقسیم کے عمل کی نگرانی کریں۔ کلکٹر نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ 500 گرام وزن تک تغذیہ بخش کھچڑی تیار کریں اور اسے میونسپلٹی حدود میں کورونا وائرس سے متاثر مریضوں میں تقسیم کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ سارے ٹاون میں غذائی پیاکٹس کی تقسیم کیلئے چار الیکٹرک وہیکلس الاٹ کئے گئے ہیں۔