سنگاپور دورہ کے بعد چیف منسٹر ریونت ریڈی ڈاؤس روانہ

   

کئی اداروں نے تلنگانہ کی ترقی میں تعاون کا یقین دلایا، ڈاؤس میں ایک لاکھ کروڑ کی سرمایہ کاری کا نشانہ

حیدرآباد۔/19 جنوری، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی سنگاپور کے دو روزہ دورہ کے بعد ڈاؤس روانہ ہوگئے جہاں ورلڈ اِکنامک فورم کے سالانہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ چیف منسٹر کے ہمراہ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو اور اعلیٰ عہدیدار موجود ہیں۔ چیف منسٹر کی زیر قیادت وفد کو تلنگانہ رائزنگ وفد کا نام دیا گیا ہے۔ سنگاپور میں دو روزہ دورہ کے موقع پر چیف منسٹر کی ملاقات کئی بین الاقوامی صنعت کاروں اور سنگاپور بزنس فیڈریشن کے ارکان سے ہوئی۔ تلنگانہ میں سرمایہ کاری اور نئے پراجکٹس کے قیام کے سلسلہ میں چیف منسٹر نے حکومت کی پالیسی اور سازگار ماحول سے واقف کرایا۔ چیف منسٹر سے ملاقات کرنے والوں میں انڈین اوشین گروپ کے بانی و چیف ایگزیکیٹو آفیسر پردیپتو بسواس، ڈی بی ایس گروپ کے کنٹری ہیڈ لم ہیم چون، ٹیلی کی ڈی بی ایس کے گروپ ہیڈ امیت شرما، سینئر منیجنگ ڈائرکٹر و صدرنشین بلاک اسٹون سنگاپور گوتم بنرجی، منیجنگ ڈائرکٹر بلاک اسٹون سنگا پور پینگ وی تان اور سی ای او مین ہارڈ گروپ عمر شہزاد سے ملاقات کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ سنگاپور کے اداروں کو چیف منسٹر نے بتایا کہ 2050 تک تلنگانہ کی ترقی کے ویژن کے ساتھ حکومت کام کررہی ہے۔ ترقی میں پیشرفت کیلئے سنگاپور کے اداروں نے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔ ڈاؤس روانگی سے قبل چیف منسٹر ریونت ریڈی نے امید ظاہر کی کہ ورلڈ اِکنامک فورم کے اجلاس میں تلنگانہ میں ایک لاکھ کروڑ کی سرمایہ کاری کے معاہدات ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال کے مقابلہ اس مرتبہ زائد کمپنیوں کی جانب سے سرمایہ کاری یقینی ہے۔ چیف منسٹر 22 جنوری تک ڈاؤس میں قیام کریں گے اور 23 جنوری کو دبئی پہنچیں گے۔ چیف منسٹر 24 جنوری کو حیدرآباد واپس ہوں گے۔ گذشتہ سال ورلڈ اِکنامک فورم سمٹ میں تلنگانہ میں 40232 کروڑ کی سرمایہ کاری کے معاہدات ہوئے تھے۔1