سنگاکارا نے تنہائی اختیار کرلی

   

کولمبو ۔24 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکائی ٹیم کے سابق کپتان و صدر ایم سی سی کمار سنگاکارا نے انگلینڈ سے وطن واپسی کے بعد کولمبو میں تنہائی اختیارکر لی۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری ویڈیو پیغام میں سنگاکارا نے بتایا کہ لندن سے واپسی پر انہوں نے کولمبو میں ازخود تنہائی اختیار کر لی ہے۔انہوں نے کہا کہ وطن واپسی پر خود کو پولیس اسٹیشن میں رجسٹرڈ کروایا اور حکومتی ہدایت پر عمل پیرا ہوتے ہوئے 14 روزہ قرنطینہ میں جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایم سی سی کے صدر اور سابق کپتان سنگاکارا نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں تاکہ مہلک وباکو پھیلنے سے روکا جا سکے۔ کورونا وائرس سے دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 14 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ سری لنکا میں 80 لوگوں میں وائرس کی تصدیق کی جا چکی ہے۔