انحراف پر بی آر ایس قائدین کو تبصرہ کا اخلاقی حق نہیں
حیدرآباد ۔9۔ ستمبر (سیاست نیوز) کانگریس میں شمولیت اختیار کرنے والے بی آر ایس کے رکن اسمبلی کڈیم سری ہری نے ہائی کورٹ کے سنگل جج کے فیصلہ کے خلاف ڈیویژن بنچ پر اپیل دائر کرنے کا اشارہ دیا ہے ۔ ہائی کورٹ کی جانب سے اندرون 4 ہفتے منحرف ارکان کے خلاف درخواستوں کی سماعت سے متعلق احکامات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کڈیم سری ہری نے کہا کہ انہیں میڈیا کے ذریعہ ہائیکورٹ کے فیصلہ کا علم ہوا ہے ۔ میں نے ابھی تک ہائی کورٹ کا مکمل فیصلہ نہیں پڑھا ہے۔ کڈیم سری ہری نے کہا کہ انہیں عدلیہ پر مکمل بھروسہ ہے کہ انصاف ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر سنگل جج کے فیصلہ کے خلاف ڈیویژن بنچ پر اپیل کی جائے گی۔ پارٹی قائدین اور ماہرین قانون سے مشاورت کے بعد اس بارے میں فیصلہ کیا جائے گا ۔ سری ہری نے کہا کہ سابق میں پڑوسی ریاستوں میں عدالتوں کے فیصلے اسی طرح صادر کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ انحراف کے مسئلہ پر ہر عدالت کا فیصلہ مختلف ہے۔ سری ہری نے کہا کہ انحراف کے مسئلہ پر طویل مباحث کی ضرورت ہے کیونکہ اس میں قانونی اور دستوری امور شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدالت کے فیصلہ پر جشن منانے والے بی آر ایس کے قائدین پارٹی سے انحراف کے لئے اصل ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ 2014 سے 2023 کے درمیان بی آر ایس نے دیگر پارٹیوں کے ارکان اسمبلی کو انحراف کے ذریعہ شامل کیا تھا۔ بی آر ایس قائدین کو انحراف کے مسئلہ پر تبصرہ کرنے کا کوئی اخلاقی حق نہیں ہے۔ 1