ممبئی، 22 مئی (آئی اے این ایس):۔آئی پی ایل 2025 میں شاندار کارکردگی دکھانے والے نوجوان کرکٹرز ویبھو سوریا ونشی اورآیوش ماترے کو انگلینڈ کے آئندہ دورے کے لیے ہندوستان کی انڈر۔19 کرکٹ ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔ یہ انتخاب ان دونوں کھلاڑیوں کی رواں سیزن میں اپنی اپنی ٹیموں کے لیے زبردست کارکردگی کے بعد عمل میں آیا ہے۔آیوش ماترے کو دورے کے لیے ٹیم کا کپتان مقررکیا گیا ہے، جو کہ ایک 50 اوورزکا وارم اپ میچ، اس کے بعد پانچ ونڈے یوتھ میچز اور دو ملٹی ڈے میچز پر مشتمل ہوگا۔ یہ سیریز24 جون سے 23 جولائی تک انگلینڈ کی انڈر۔19 ٹیم کے خلاف کھیلی جائے گی۔ ممبئی کے ابھیگیان کندوکو ٹیم کا نائب کپتان اور وکٹ کیپر مقرر کیا گیا ہے۔ سوریا ونشی نے محض 14 سال کی عمر میں آئی پی ایل میں سب سے کم عمر سنچری بنانے والے کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا اور خبروں کی زینت بنے۔ انہیں راجستھان رائلز نے گزشتہ سال کی نیلامی میں 1.1 کروڑ روپے میں خریدا تھا۔ اب تک کھیلے گئے سات میچز میں وہ 252 رنز بنا چکے ہیں، جس میں ایک سنچری اور ایک نصف سنچری شامل ہے۔ دوسری جانب، ماترے کو چنئی سوپرکنگزکے کپتان رتوراج گائیکواڑ کے زخمی ہونے کے بعد ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔ 17سالہ ممبئی کے اس اوپنر نے اپنی آمدکے ساتھ ہی ٹیم کو سہارا دیا اور چھ میچز میں 206 رنز بنائے، جن میں 94 رنز کی شاندار اننگز بھی شامل ہے جو انہوں نے ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں رائل چیلنجرز بنگلورو کے خلاف کھیلی۔ یہ دونوں کھلاڑی گزشتہ سال متحدہ عرب امارات میں منعقدہ انڈر۔19 ایشیا کپ میں ہندوستان کی رنرز اپ ٹیم کا بھی حصہ تھے۔ دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں پنجاب کے بیٹر وہان ملہوترا اور کیرالہ کے لیگ اسپنر محمد عینان شامل ہیں، جنہوں نے گزشتہ سال چنئی اور پونڈیچیری میں کھیلی گئی آسٹریلیا کے خلاف یوتھ سیریز میں متاثر کن کارکردگی دکھائی تھی۔
ہندوستان انڈر-19 اسکواڈ برائے انگلینڈ دورہ: آیوش ماترے (کپتان)، ویبھاو سوریا ونشی، وہان ملہوترا، مولیاراج سنگھ چاودا، راہل کمار، ابھیگیان کندو (نائب کپتان و وکٹ کیپر)، ہروانش سنگھ (وکٹ کیپر)، آر ایس امبریش، کنشک چوہان، کھلان پٹیل، ہینل پٹیل، یدھاجیت گہا، پرنَو رگھویندرا، محمد عینان، آدتیہ رانا اور انمول جیت سنگھ۔
محفوظ کھلاڑی: نمن پشپک، ڈی دیپیش، ویدانت ترویدی، وکالپ تیواری، الانکرتھ راپولے (وکٹ کیپر)۔