سوریا ونشی کو بلندیوں تک پہنچانے میں لکشمن کا کردار اہم

   

حیدرآباد : راجستھان رائلز(آرآر)کے اوپنر ویبھو سوریاونشی اس وقت دنیائے کرکٹ کی سب سے بڑی خبر بنے ہوئے ہیں ، جب انہیں آرآر ٹیم نے آئی پی ایل 2025 میگا نیلامی میں 1.10 کروڑ روپے میں خریدا اس کے بعد انہوں نے گجرات ٹائٹنز کے خلاف طوفانی سنچری بناکر لیجنڈ کرکٹرزکو دیوانہ بنادیا۔ اس آرآر کے اوپنر نے گجرات ٹائٹنز کے خلاف صرف38 گیندوں میں 7 چوکوں اور 11 چھکوں کی مدد سے 101 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی۔ سابق ہندوستانی کرکٹر وی وی ایس لکشمن کا آئی پی ایل میں ویبھو کو کس طرح منتخب کیا گیا اس کے پیچھے بہت بڑا تعاون ہے۔ لکشمن نے سب سے پہلے بہارکے اس کھلاڑی کی صلاحیتوں کو پہچانا۔ویبھو سوریاونشی نے بی سی سی آئی انڈر19 ونڈے چیلنجر ٹورنمنٹ کے دوران وی وی ایس لکشمن سے ملاقات کی۔ ویبھوکو بہار کے ایک ضلعی ٹورنمنٹ میں شاندارکارکردگی کے بعد اس بڑے میدان پر موقع ملا۔ اس دوران ان کی صلاحیتوں کو دیکھتے ہوئے لکشمن نے انہیں انگلینڈ اور بنگلہ دیش کے خلاف انڈر19 سیریز کے لیے منتخب کیا لیکن انڈیا بی کے لیے کھیلے گئے میچ میں ویبھو36 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور ڈریسنگ روم میں جاکر رونے لگے۔ویبھو کے کوچ منیش اوجھا نے گزشتہ سال ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ ویبھو ایک میچ میں36 رنز پرآؤٹ ہوئے تھے۔ اس پر وہ ڈریسنگ روم میں رونے لگے۔ جب لکشمن نے یہ دیکھا تو وہ ویبھو کے پاس گئے اور کہا ہم صرف رنزکو نہیں دیکھتے، ہم ایسے کھلاڑی چاہتے ہیں جو طویل عرصے تک اچھی کارکردگی دکھا سکیں۔ لکشمن نے ویبھو کی صلاحیت کو بہت جلد پہچان لیا، بی سی سی آئی نے بھی ان کی حمایت کی ہے۔سابق ٹسٹ کرکٹر وی وی ایس لکشمن نے دو سال تک ویبھوکی ترقی کی نگرانی کی اور پھر راجستھان رائلزکے کوچ راہول ڈراویڈ سے ان کی سفارش کی۔ ان کی سفارش کی وجہ سے ہی ویبھوکو ٹیم میں جگہ ملی۔ اس کے بعد راہول ڈراویڈ نے ویبھو کو تراشنا شروع کیا۔ ٹیم کے باقاعدہ کپتان سنجو سیمسن کے زخمی ہونے کے بعد، ویبھو نے 19 اپریل کو لکھنؤ سوپر جائنٹس کے خلاف اپنا آئی پی ایل ڈیبیوکیا اور شاردول ٹھاکرکی پہلی گیند پر چھکا لگا کر اپنی صلاحیتوں کا ثبوت دیا۔ اب گجرات ٹائٹنز کے خلاف سنچری بنا کر انہوں نے پوری دنیا کو اپنا دیوانہ بنا دیا ہے۔