سوریہ گھر بجلی اسکیم سے ہر خاندان کو 15 لاکھ روپے کا فائدہ ہوگا

   

نئی دہلی: نئے اور قابل تجدید توانائی کے وزیر پرہلاد جوشی نے آج راجیہ سبھا میں کہا کہ ملک میں شمسی توانائی کو فروغ دینے اور صفر کاربن کے اخراج کے ہدف کو حاصل کرنے کے مقصد سے شروع کی گئی پردھان منتری سوریہ گھر بجلی یوجنا سے 25 برسوں میں ہر خاندان کو 15 لاکھ روپے کا فائدہ پہنچے گا۔ جوشی نے وقفہ سوالات کے دوران ایک ضمنی سوال کے جواب میں یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ روف ٹاپ سولر پر 30 ہزار روپے فی کلو واٹ سبسڈی دی جاتی ہے اور تین کلو واٹ پر زیادہ سے زیادہ 78 ہزار روپے سبسڈی دی جاتی ہے ۔ اس کے علاوہ بینک کی طرف سے 85 ہزار روپے تک کا قرض دیا جاتا ہے ۔ اس کا ای ایم آئی 610 روپے ماہانہ آتا ہے ، لیکن یہ 1265 روپے ماہانہ اور 15185 روپے سالانہ آمدنی دیتا ہے ۔ پردھان منتری سوریہ گھر بجلی اسکیم کے تحت 25 سال تک ماہانہ 300 یونٹ مفت بجلی دی جارہی ہے ۔ اس طرح 25 سال میں 15 لاکھ روپے کا منافع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 100 گیگا واٹ سولر انرجی کا ہدف حاصل کر لیا گیا ہے ۔ دس برسوں میں ہندوستان قابل تجدید توانائی پیدا کرنے والا تیسرا سب سے بڑا ملک بن گیا ہے ۔
شمسی اور قابل تجدید توانائی مہنگی ہونے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ حال ہی میں مدھیہ پردیش میں 2.15 روپے فی یونٹ کے حساب سے شمسی توانائی خریدنے کا معاہدہ کیا گیا ہے جو 2011 میں 11 روپے سے زیادہ تھا۔