سومیا کا ایشین گیمز کیلئے سینئر نیشنل فٹبال ٹیم میں انتخاب

   

تلگو ریاستوں سے قومی سطح پر اولین نمائندگی کا اعزاز۔ کیاش ایوارڈ کے اعلان پر عمل باقی
حیدرآباد، 27 اگست (پریس نوٹ) تلنگانہ اسٹیٹ سے جی سومیا کو سینئر ویمنس نیشنل فٹبال ٹیم کی فائنل لسٹ میں منتخب کیا گیا ہے۔ یہ ٹیم آنے والے ایشین گیمز میں حصہ لے گی جو چین کے شہر ہانگزو میں 23 ستمبر سے کھیلے جانے ہیں۔ جی پی پالگنا سکریٹری تلنگانہ فٹبال اسوسی ایشن کے مطابق مس سومیا دونوں تلگو ریاستوں سے انڈین نیشنل ٹیم میں منتخب ہونے والی پہلی وومن پلیئر ہے۔ یہ تلنگانہ فٹبال اسوسی ایشن کے ساتھ ساتھ ہماری ریاست تلنگانہ اور ہماری ریاست کے فٹبال شائقین کیلئے فخر کا موقع ہے۔ سومیا کو کچھ عرصہ قبل ٹخنہ کی انجری ہوئی تھی۔ سومیا نے ری ہابلٹیشن کے دوران محنت کی اور انجری سے صحت یابی کے بعد انھوں نے مختلف مقابلوں میں شاندار مظاہرے پیش کئے۔ اس کی بنیاد پر سومیا کو انڈین نیشنل ٹیم میں منتخب کیا گیا ہے۔ ٹی ایف اے نے بتایا کہ اسپورٹس اتھارٹی آف تلنگانہ اور ریاستی وزیر اسپورٹس نے تیزی سے اُبھرتی کھلاڑی مس سومیا کو 2021ء میں 5 لاکھ روپئے کے کیاش ایوارڈ کا اعلان کیا تھا، لیکن ابھی تک یہ ایوارڈ نہیں دیا گیا ہے۔ سومیا کا تعلق ٹرائبل کمیونٹی سے ہے اور وہ معاشی طور پر پسماندہ ہے۔ ٹی ایف اے نے SATS اور وزارت اسپورٹس سے سومیا کیلئے معلنہ کیاش ایوارڈ کو جلد منظور کرنے کی اپیل کی ہے۔