سونیا، راہول گاندھی کی جان کو خطرہ:کانگریس

   

نئی دہلی21نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) لوک سبھا میں کانگریس نے پارٹی صدر سونیا گاندھی اور ان کے صاحبزادے اور سابق پارٹی صدر راہل گاندھی کوایس پی جی سیکورٹی واپس لئے جانے پر تشویش ظاہر کی اور زور دیکر کہا کہ دونوں کی جان کو خطرہ ہے ۔کانگریس رکن رونیت سنگھ بٹو نے وقفہ صفر میں اس معاملہ کو اٹھاتے ہوئے کہا کہ 1984 میں اس وقت کی وزیر اعظم اندرا گاندھی کے قتل کئے جانے کے بعد وزیر اعظم کی سیکورٹی کے لئے اس فورس کا قیام عمل میں آیا تھا۔ وزیر اعظم کے عہدہ پر رہتے ہوئے راجیو گاندھی کو یہ سیکورٹی ملی تھی جسے ان کے وزیر اعظم کے عہدہ سے ہٹنے کے بعد وشوناتھ پرتاپ سنگھ کی حکومت نے واپس لے لی تھی۔مسٹر بٹو نے کہا کہ مسٹر راجیو گاندھی سے ایس پی جی سیکورٹی واپس لئے جانے کے چند ماہ بعد ہی ان کا قتل ہو گیا تھا۔ اس کے بعد سابق وزیر اعظم اور ان کے خاندان کے ارکان کو بھی یہ سیکورٹی دی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ 2004 سے 2014 تک دس سال کے متحدہ ترقی پسند اتحاد (یو پی اے ) کے دور حکومت میں افضل گرو اور پاکستانی دہشت گرد اجمل قصاب کو پھانسی دی گئی۔ اسلئے سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کو جان کا خطرہ بنا ہوا ہے ۔مسٹر بٹو اپنی بات پوری بھی نہیں کر پائے تھے کہ اسپیکر اوم برلا نے انہیں روک دیا اور کہا کہ وہ اس موضوع کو پہلے میں بھی اٹھا چکے ہیں۔