کے سی آر، جگن اور چندرا بابو نائیڈو بھی مدعو، شہیدان تلنگانہ کے افراد خاندان بھی شرکت کریں گے
حیدرآباد۔/6ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کی تشکیل کے 10 سال بعد کانگریس کی پہلی حکومت کی حلف برداری کے موقع پر کانگریس کے قومی اور علاقائی قائدین شرکت کریں گے۔ صدر کانگریس ملکارجن کھرگے، سابق صدر سونیا گاندھی، راہول گاندھی، پرینکا گاندھی، کانگریس زیر اقتدار ریاستوں کے چیف منسٹرس، قومی قائدین اور ہم خیال اپوزیشن قائدین شرکت کریں گے۔ نومنتخب سی ایل پی لیڈر ریونت ریڈی نے آج نئی دہلی میں کانگریس کے اہم قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے تقریب حلف برداری میں شرکت کی دعوت دی۔ سونیا گاندھی، ملکارجن کھرگے، راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی کے علاوہ انہوں نے کے سی وینو گوپال اور دوسروں سے ملاقات کی۔ 5 ریاستوں کے اسمبلی چناؤ میں کانگریس کو صرف تلنگانہ میں کامیابی ملی ہے لہذا پارٹی کے تمام سرکردہ قائدین حلف برداری تقریب میں شرکت کریں گے۔ اطلاعات کے مطابق چیف منسٹر کرناٹک سدا رامیا، ڈپٹی چیف منسٹر ڈی کے شیو کمار، کرناٹک کے ریاستی وزراء ، سابق چیف منسٹر راجستھان اشوک گہلوٹ، سابق چیف منسٹر چھتیس گڑھ بھوپیش بھگیل، سابق چیف منسٹر مہاراشٹرا اشوک چوہان، تلنگانہ میں کانگریس کے سابق انچارج مانکیم ٹیگور، پی چدمبرم، ویرپا موئیلی، سشیل کمار شنڈے، وائیلار روی اور دیگر قائدین کو مدعو کیا گیا ہے جنہوں نے علحدہ تلنگانہ کی تشکیل میں اہم رول ادا کیا تھا۔ تلنگانہ میں اپوزیشن قائدین کو بھی حلف برداری تقریب میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ، آندھرا پردیش کے چیف منسٹر جگن موہن ریڈی، چیف منسٹر ٹاملناڈو ایم کے اسٹالن، سابق چیف منسٹر اور تلگودیشم سربراہ این چندرا بابو نائیڈو، تلنگانہ جنا سمیتی کے پروفیسر کودنڈا رام کے علاوہ سی پی آئی اور دیگر اپوزیشن پارٹیوں کے قائدین کو مدعو کیا گیا ہے۔ چیف جسٹس تلنگانہ ہائی کورٹ الوک ارادھے اور دیگر دستوری اداروں کے سربراہوں کو دعوت نامے روانہ کئے گئے۔ ریاست کی تشکیل کے بعد تلنگانہ میں کانگریس کی پہلی حکومت تشکیل پارہی ہے لہذا ملک بھر کے تمام سرکردہ قائدین کو مدعو کیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ریونت ریڈی نے بعض اہم قائدین کو ٹیلی فون کرتے ہوئے مدعو کیا ہے۔ تلنگانہ کے انچارج اے آئی سی سی جنرل سکریٹری مانک راؤ ٹھاکرے حلف برداری تقریب کے انتظامات کی نگرانی کررہے ہیں۔ سیول لبرٹیز قائدین پروفیسر ہرگوپال، پروفیسر کانچہ ایلیا اور شہیدان تلنگانہ کے افراد خاندان کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔