بلڈ پریشر میں کمی بیشی کی شکایت، مداحوں کا ہجوم
حیدرآباد: سوپر اسٹار رجنی کانت کو جمعہ کے دن بلڈ پریشر میں کمی بیشی کے سبب اپولو ہاسپٹل میں شریک کیا گیا۔ ہاسپٹل کے ذرائع نے بتایا کہ رجنی کانت کی حالت مستحکم ہے اور وہ تیزی سے روبہ صحت ہیں۔ رجنی کانت گزشتہ 10 دنوں سے راموجی فلم سٹی میں ایک فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ شوٹنگ میں مصروف بعض افراد کورونا پازیٹیو پائے گئے جبکہ رجنی کانت کا ٹسٹ منفی رہا۔ انہوں نے خود کو سیلف آئسولیشن میں رکھتے ہوئے صحت پر توجہ مرکوز کی تھی۔ اپولو ہاسپٹل کی جانب سے جاری کردہ بلیٹن میں بتایا گیا ہے کہ رجنی کانت کو آج صبح ہاسپٹل میں شریک کیا گیا۔ اگرچہ ان میں کووڈ۔19 کی کوئی علامات نہیں ہیں ، تاہم بلڈ پریشر میں کمی اور بیشی کے سبب مزید جانچ کے لئے ہاسپٹل میں شریک کیا گیا ۔ رجنی کانت کے طبی معائنے کئے گئے اور بلڈ پریشر کو مستحکم کیا گیا ہے۔ ڈاکٹرس نے کہا کہ بلڈ پریشر کے علاوہ کوئی اور عارضہ نہیں ہے۔ بلڈ پریشر کے مستحکم ہونے تک انہیں ہاسپٹل میں رکھا جائے گا ۔ رجنی کانت کے دواخانہ میں شریک کئے جانے کی اطلاع عام ہوتے ہی ان کے مداحوں کی کثیر تعداد ہاسپٹل کے پاس جمع ہوگئی۔ ہاسپٹل کی جانب سے میڈیکل بلیٹن کی اجرائی کے بعد رجنی کانت کے پرستاروں نے اطمینان کی سانس لی۔