سوپر سونک کروز میزائل کی نئی شکل کا کامیاب تجربہ

   

نئی دہلی ؍ بالاسور: ہندوستان نے زمین سے زمین پر نشانہ لگانے والے سوپر سونک کروز میزائل برہموز کے نئے ورژن کا چہارشنبہ کو کامیابی سے تجربہ کیا ہے۔ عہدیداروں نے کہا کہ اس میزائل کی رینج تقریباً 400 کیلومیٹر ہے۔ یہ تجربہ اڈیشہ کے بالاسور میں واقع انٹیگریٹیڈ ٹسٹنگ رینج سے کیا گیا۔ قبل ازیں اس میزائل کی رینج 290 کیلومیٹر تھی جسے توسیع کے بعد اب 400 کیلومیٹر کیا گیا ہے۔ ہندوستان نے پہلے ہی برہموس میزائل قابل لحاظ تعداد میں تعینات کر رکھے ہیں، جن میں سے بعض لداخ اور اروناچل پردیش میں چین کے ساتھ سرحد کے پاس تعینات ہیں۔ اس میزائل کا تجربہ ایسے وقت کیا گیا ہے جب ہندوستان اور چین مشرقی لداخ میں تلخ سرحدی تعطل میں الجھے ہوئے ہیں۔