سوچھ بھارت مشن 11برسوں میں عوامی تحریک:وزیر اعظم

   

نئی دہلی، 27 جولائی (یو این آئی)وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ سوچھ بھارت مشن کی طاقت اور اس کی ضرورت آج بھی وہی ہے اور 11 برسوں میں ’سوچھ بھارت مشن‘ ایک عوامی تحریک بن گیا ہے ۔آج اپنے ماہانہ پروگرام ’من کی بات‘ میں نریندر مودی نے کہا کہ ‘‘بعض اوقات کچھ لوگوں کوکوئی کام ناممکن سا لگتا ہے اور سوچتے ہیں کہ کیا یہ بھی ممکن ہوپائے گا؟ لیکن جب ملک ایک سوچ پر ایک ساتھ آجائے تو ناممکن بھی ممکن ہو جاتا ہے ۔ ‘سوچھ بھارت مشن’ اس کی سب سے بڑی مثال ہے ۔ جلد ہی اس مشن کو 11 سال مکمل ہو جائیں گے ۔ لیکن، اس کی طاقت اور اس کی ضرورت اب بھی وہی ہے ۔ ان 11 برسوں میں ’سوچھ بھارت مشن‘ ایک عوامی تحریک بن چکا ہے ۔ عوام اسے اپنا فرض سمجھتے ہیں اور یہی حقیقی عوامی شراکت ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہر سال کئے جانے والے سوچھ سرویکشن نے اس احساس کو مزید بڑھایا ہے ۔ اس سال ملک کے 4500 سے زیادہ شہر اور قصبے اس میں شامل ہوئے اور 15 کروڑ سے زیادہ لوگوں نے اس میں حصہ لیا۔ یہ کوئی عام تعداد نہیں ہے ۔ یہ سووچھ بھارت کی آواز ہے ۔