سوڈان میں بازار پر ڈرون حملہ، 28افراد جاں بحق

   

خرطوم۔ 17 فروری (یو این آئی) سوڈان کے وسطی علاقے میں ایک مصروف بازار پر ڈرون حملے کے نتیجے میں کم از کم 28 افراد ہلاک ہو گئے ، جبکہ انسانی حقوق کی تنظیم ایمرجینسی لائرز نے واقعے کی تصدیق کی ہے ۔رپورٹ کے مطابق یہ حملہ شمالی کردفان کے علاقے سوداری کے قریب الصفیہ مارکیٹ میں کیا گیا، جہاں اس وقت بڑی تعداد میں عام شہری موجود تھے ۔ ہلاک ہونے والوں میں خواتین، بچے اور بزرگ بھی شامل ہیں۔ تنظیم کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد ابتدائی ہے اور اس میں اضافے کا خدشہ موجود ہے ۔ یہ علاقہ اس وقت سوڈانی فوج اور نیم فوجی فورس آر ایس ایف کے درمیان شدید جھڑپوں کا مرکز بنا ہوا ہے ۔ اپریل 2023 سے جاری اس خانہ جنگی میں دونوں فریق ایک دوسرے پر فضائی حملے کرتے رہے ہیں۔ سوداری شمالی کردفان کا ایک دور افتادہ قصبہ ہے جو ریاستی دارالحکومت الابیض سے تقریباً 230 کلومیٹر شمال مغرب میں واقع ہے ۔ کردفان کا علاقہ مشرق سے مغرب تک پھیلے اہم زمینی راستے کے باعث اس تنازع میں کلیدی اہمیت اختیار کر چکا ہے ، جو دارفور کو خرطوم سے ملاتا ہے۔ گزشتہ ہفتے بھی ایک اسکول پر حملے میں دو بچے ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے ، جبکہ ایک اور واقعے میں اقوام متحدہ کے امدادی گودام کو شدید نقصان پہنچا تھا۔