سوڈان میں فوجی گروپس میں لڑائی‘ اہم عمارت جل کر خاکستر

   

خرطوم :سوڈان میں فوجی گروپس کے درمیان جاری لڑائی میں دارالحکومت خرطوم کی بلند ترین اور مشہور عمارت جل کر خاکستر ہوگئی۔غیر ملکی میڈیا پر سوڈان کے مشہور ترین نیل پیٹرولیم آئل کمپنی ٹاور سے شعلے بلند ہوتی کچھ تصاویر اور ویڈیوز سامنے آئی ہیں جس سے متعلق بتایا گیا ہیکہ ملک میں فوجی گروپس کے درمیان لڑائی میں اتوار کے روز اس اہم عمارت میں آگ لگی۔سوشل میڈیا پر جاری بیان میں عمارت کے آرکیٹیکچر نے اسے دردناک قرار دیا۔دریائے نیل کے قریب واقع 18 منزلہ یہ عمارت خرطوم کی انتہائی اہم عمارتوں میں شمار کی جاتی ہے جسے خرطوم کی پہچان قرار دیا جاتا ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہیکہ شیشے کے اسٹرکچر پر بنی عمارت میں آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی ہے جب کہ اب تک کسی جانی نقصان کی بھی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سوڈان میں طاقت کے حصول کے لیے فوج اور پیرا ملٹری فورسز کے درمیان لڑائی جاری ہے جس میں فضائی اور زمینی حملوں میں دارالحکومت خرطوم بری طرح متاثر ہوا ہے۔ اقوام متحدہ کا کہناہے کہ سوڈان میں جاری لڑائی کی وجہ سے 10 لاکھ سے زائد لوگوں کو ملک چھوڑنے پر مجبور کیا گیا ہے۔ واضح رہیکہ سوڈان میں 15 اپریل سے طاقت کے حصول کے لیے لڑائی شروع ہوئی جس میں سوڈان آرمی اور پیرا ملٹری ریپڈ فورس کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں جس میں آر ایس ایف نے فوج کے کنٹرولڈ علاقوں کو نشانہ بنایا ہے، اس دوران وزارت قانون کے دفتر سمیت متعدد سرکاری عمارتوں پر بھی حملے کیے گئے ہیں۔