احتجاجی خواتین کی ستائش، سادھنا رامچندرن ، ہیگڈے کا خطاب
نئی دہلی ۔ 3 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ کے مصالحت کار سادھنا رامچندرن ایک مرتبہ پھر شاہین باغ پہنچے اور احتجاجی خواتین کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ تشدد کے واقعات کے دوران بھی شاہین باغ میں پرامن طریقہ سے احتجاج جاری ہے۔ شہریت ترمیمی قانون کے خلاف دہلی کے شاہین باغ میں جاری احتجاج میں کئی دنوں کے وقفہ کے بعد آج ایک مرتبہ پھر سپریم کورٹ کے مقرر کردہ مصالحت کار سادھنا رامچندرن اور سنجے ہیگڈے پہنچے اور انہوں نے مظاہرین سے بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی زندگی میں بہت سے مسائل آتے ہیں مگر ایسے کوئی مسائل نہیں ہیں جو حل نہیں ہوسکتے۔ ہمارا ماننا ہیکہ جب ہم دستوری جمہوریت میں رہ رہے ہیں تو یہ آئین سب کیلئے ہے۔ اس پر کسی کا ایک کی اجارہ داری نہیں ہوسکتی۔ حکومت اور عوام دونوں کو آئین پر عمل کرنا ہوگا۔ انہوں نے خواتین کے کہا کہ آپ ہی کوئی حل نکال کر بتائیں کہ آپ کا مظاہرہ بھی چلتا رہے اور سڑک کا معاملہ بھی حل ہوجائے۔ سنجے ہیگڈے نے کہا کہ ہمیں نہ تو دہلی حکومت نے بھیجا ہے اور نہ ہی مرکزی حکومت کی طرف سے ہم آئے ہیں۔ سپریم کورٹ نے ہمیں آپ سے بات چیت کرنے کیلئے کہا ہے۔