سپریم کورٹ میں درگاہ حسین شاہ ولیؒ وقف اراضی کی سماعت مکمل

   

تحریری طور پر دلائل پیش کرنے 9 ڈسمبر تک مہلت، 6 دن تک مسلسل سماعت کے بعد ڈیویژن بنچ کا فیصلہ
حیدرآباد۔25۔نومبر (سیاست نیوز) درگاہ حضرت حسین شاہ ولیؒ کی اوقافی اراضی کے مقدمہ کی سماعت آج سپریم کورٹ میں مکمل ہوگئی۔ جسٹس ہیمنت گپتا اور جسٹس وی رام سبرامنین پر مشتمل ڈیویژن بنچ پر مسلسل 6 دنوں تک فریقین کے دلائل کی سماعت کی گئی۔ سماعت کے آج چھٹویں دن ریونیو ڈپارٹمنٹ اور خانگی اداروں کے وکلاء نے بحث کرتے ہوئے اوقافی اراضی کو سرکاری ثابت کرنے کی کوشش کی ۔ تین وکلاء کی بحث کے دوران بعض مواقع پر وقف بورڈ کے سینئر کونسل حذیفہ احمدی نے مداخلت کرتے ہوئے ججس کو بتایا کہ حکومت کے پاس کوئی ٹھوس ثبوت نہیںہے جس کے ذریعہ وقف اراضی سے انکار کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ انڈومنٹ ایکٹ 1940 ء میں یہ اراضی مشروط الخدمت کے تحت درج ہے جس کا مطلب وقف ہوتا ہے۔ انہوں نے دیگر دستاویزات کا بھی حوالہ دیا۔ ریونیو ڈپارٹمنٹ اور خانگی اداروں کے وکلاء کی بحث کے دوران ججس نے کہا کہ وہ مسلسل 6 دن تک تمام فریقوں کی سماعت کرچکے ہیں اور مزید بحث کی ضرورت نہیں۔ ججس نے وقف بورڈ اور مخالف فریقین کو ہدایت دی کہ 9 ڈسمبر تک تحریری طور پر اپنے دلائل عدالت میں داخل کریں جس کی بنیاد پر فیصلہ کیا جائے گا۔ وقف بورڈ ، حکومت اور مقدمہ کے ہر فریق کو تحریری طور پر اپنے دلائل داخل کرنے ہوں گے۔ سماعت کے موقع پر تین کسانوں نے اپنی درخواست سے دستبرداری ا ختیار کرلی اور کہا کہ وہ ہائی کورٹ سے رجوع ہونا چاہتے ہیں۔ ججس نے انہیں اجازت دیتے ہوئے ان کی درخواستوں کی دستبرداری کو منظوری دے دی ۔ واضح رہے کہ تینوں کسانوں نے 250 ایکر اراضی پر اپنی دعویداری پیش کی ہے ، ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ 250 برسوں سے یہ اراضی ان کے خاندان کے تسلط میں ہیں جو جاگیر کے طور پر الاٹ کی گئی تھی۔ واضح رہے کہ درگاہ حضرت حسین شاہ ولیؒ کے تحت جملہ 1654 ایکر 32 گنٹہ اراضی موجود ہے اور متحدہ آندھراپردیش میں مختلف حکومتوں نے اسے انڈسٹریل انفراسٹرکچر کارپوریشن کے ذریعہ مختلف اداروں کو الاٹ کیا تھا۔ 1226 ایکر 29 گنٹہ اراضی مختلف مراحل میں الاٹ کی گئی جن میں سے 818 ایکر پر تعمیرات ہیں جبکہ 428 ایکر اراضی کسی تعمیر کے بغیر کھلی موجود ہے ۔ وقف بورڈ کی جانب سے حذیفہ احمدی اور متولی کی جانب سے سلمان خورشید نے بحث میں حصہ لیا۔ سینئر کونسل اعجاز مقبول نے ان کی اعانت کی ۔ ر