نظام آباد:2 ؍ جولائی( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)بابلی پراجیکٹ کے گیٹوں کو سپریم کورٹ کے احکامات کے بعد کھول دیا گیا ۔ واضح رہے کہ سری رام ساگر پراجیکٹ کے اوپری حصہ میں گوداوری ندی پر مہاراشٹرا حکومت کی جانب سے بابلی پراجیکٹ کی تعمیر عمل میں لائی گئی تھی اور اس کے بعد سے کئے گئے احتجاج اور سپریم کورٹ کے احکامات پر سہ رکنی کمیٹی کی نگرانی میں ہر سال یکم ؍ جولائی کو بابلی پراجیکٹ کے گیٹوں کو 28؍ اکتوبر کھلا رکھا جاتا ہے ۔ ایس آر ایس پی ایگزیکٹیو انجینئر ، ڈپٹی انجینئر جگدیش نے بتایا کہ مہاراشٹرا حکومت کے ایگزیکٹیو انجینئر اووانی ، سنٹرل واٹر کمیشن کے ایگزیکٹیو انجینئر گنگادھر کی نگرانی میں 14 گیٹوں کو کھول دیا گیا لیکن بابلی پراجیکٹ میں بھی بارش نہ ہونے کی وجہ سے پانی نہیں ہے ۔ جس کی وجہ سے ایک بوند بھی پانی نہیں بہہ رہا ہے گذشتہ سال جو ن میں ہی بابلی پراجیکٹ لبریز ہوگیا تھا اور سپریم کورٹ کے احکامات پر قبل ازیں کھول دیا گیا تھا جس کی وجہ سے 98 ہزار کیوزکس پانی آیا تھا لیکن اس مرتبہ پانی نہ ہونے کی وجہ سے اوپری حصہ سے ایک بوند بھی پانی نہیں آیا ہے اور 2015 ء میں بھی یہی صورتحال تھی اور 2019 ء میں بھی یہی صورتحال ہے جس کی وجہ سے کسانوں میں تشویش پائی جارہی ہے گذشتہ سال پراجیکٹ میں 76 ٹی ایم سی پانی آیا تھا ۔ لیکن اس سال اب تک ایک بوند بھی پانی نہیں آیا جس کی وجہ سے کسان بے حد پریشان نظر آرہے ہیں ۔