سپریم کورٹ کے کمرہ عدالت میں غیرمعمولی ہجوم ،چیف جسٹس پریشان

,

   

نئی دہلی ۔ 22 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) چیف جسٹس آف انڈیا ایس اے بوبڈے نے شہریت ترمیمی قانون کے خلاف داخل کردہ 140 درخواستوں پر سماعت سے قبل کمرہ عدالت میں عوام کا ہجوم دیکھ کر سخت نوٹ لیا اور کہا کہ اس طرح کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے سخت اقدامات ضروری ہیں۔ چیف جسٹس آف انڈیا کو مقدمہ کی سماعت کیلئے جمع عوام سے کھچاکھچ بھرے ہوئے کمرہ عدالت میں اس وقت پریشانی ہوئی جب انہیں سینئر وکیل کپل سبل کا بیان ٹھیک سے سنائی نہیں دے رہا تھا۔ بنچ نے کہا کہ کمرہ عدالت میں عوام کا ہجوم بڑھ جانا ایک نازک مسئلہ ہے۔ ہجوم کی وجہ سے دھکم پیل ہورہی ہے۔ اٹارنی جنرل کے کے وینوگوپال نے مرکز کی پیروی کرتے ہوئے کہا کہ اسی طرح کے مسئلہ کا ہم نہ صرف کمرہ عدالت میں سامنا کررہے ہیں بلکہ کوریڈور میں بھی یہی منظر ہیں۔