سچن تنڈولکر کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ

   

ممبئی: ٹیم انڈیا کے سابق عظیم بلے باز، سچن تنڈولکر کو آج بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کی سالانہ تقریب میں بورڈ کے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا جارہا ہے۔ بھارت کیلئے 664 بین الاقوامی میچ کھیلنے والے 51 سالہ تنڈولکر نے کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ ٹسٹ اور ون ڈے رنز بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کیا۔ تنڈولکر کے 200 ٹسٹ اور 463 ونڈے کرکٹ میچز کی تاریخ میں کسی بھی کھلاڑی کی طرف سے سب سے زیادہ ہیں۔ انہوں نے 15,921 ٹسٹ رنز کے علاوہ و نڈے میں 18,426 رنز بنائے۔ انہوں نے اپنے شاندار کیریئر میں صرف ایک ٹی 20 انٹرنیشنل کھیلا ہے۔ہندوستان کے سابق ہیڈ کوچ روی شاستری اور سابق لجنڈری وکٹ کیپر فاروق انجینئر کو 2023 میں اس اعزاز سے نوازا گیا تھا۔اپنے دور کے عظیم ترین بلے باز سمجھے جانے والے تنڈولکر تمام حالات میں آسانی کے ساتھ رنز بنانے کیلئے جانے جاتے تھے۔ انہوں نے 1989 میں پاکستان کیخلاف 16 سال کی عمر میں ٹسٹ ڈیبیو کیا تھا،اور اگلی دو دہائیوں میں دنیا بھر کے باؤلرز کے خلاف رنز بنائے۔ ان کے پاس ٹسٹ اور ونڈے دونوں فارمیٹس میں مجموعی طور پر 100 سنچریاں بنانے کا ریکارڈ بھی ہے۔بیٹنگ کے کئی ریکارڈ رکھنے والے تنڈولکر ہندوستان کی 2011 ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے اہم ممبر بھی تھے۔