سچن پائلٹ کی گھرواپسی کا امکان‘راہول اور پرینکا سے ملاقات

,

   

راجستھان کی سیاست میں ڈرامائی تبدیلیاں ‘ سونیا گاندھی کی چیف منسٹر اشوک گہلوٹ سے بات چیت

دہلی : راجستھان کے سیاسی بحران کے درمیان راجستھان کے سابق ڈپٹی چیف منسٹر سچن پائلٹ کی اچانک راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی سے ملاقات کے بعد ان کے پارٹی میں واپسی کے امکانات روشن ہوگئے ہیں ۔سچن پائلٹ نے آج راہول گاندھی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور اپنے مطالبات سامنے رکھتے ہوئے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ اس موقع پر پرینگا گاندھی بھی موجود تھیں ۔کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا اور راہول گاندھی ایک بار پھر پارٹی امور میں سرگرم ہوگئے ہیں۔ سچن پائلٹ کے ساتھ تبادلہ خیال کے بعد سونیا گاندھی سے راہول گاندھی اور پرینکا نے ملاقات کی ۔ ذرائع کے مطابق، راہول گاندھی اور سچن پائلٹ کے درمیان پھر سے ایک اور ملاقات کا امکان ہے۔بتا یا گیا ہے کہ سچن نے اس ملاقات میں راجستھان کانگریس کے ساتھ اشوک گہلوٹ کے بارے میں فیڈ بیک دی ہے۔ یہی نہیں، انہوں نے اشوک گہلوٹ کی قیادت کو لے کر ناراضگی ظاہر کی ہے۔ اس کے علاوہ سچن پائلٹ نے قیادت بدلنے اور 2023 ء کے اسمبلی انتخابات کو لے کر واضح پیغام دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، فلورٹسٹ پر سچن پائلٹ اور ان کے اراکین اسمبلی حکومت کی حمایت میں ووٹ کریں گے جبکہ سچن پائلٹ اور ان کے حامی اراکین اسمبلی کے خلاف کوئی کارروائی نہ کرنے کا ہائی کمان نے تیقن دیا ہے۔ بتا یا گیا ہے کہ صلح کے فائنل فارمولے پر سونیا گاندھی فیصلہ کریں گی۔ایک ماہ قبل اپنے حامیوں کے ساتھ بغاوت کے بعد سچن پائلٹ نے پہلی مرتبہ راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی سے ملاقات کی ۔ ذرائع کے مطابق سچن پائلٹ کی اپنے 18 حامیوں کے ساتھ کانگریس میں واپسی کے موضوع پر تبادلۂ خیال کیا گیا ۔ سچن کی شکایات کا ایک پیانل تفصیلی جائزہ لے گا ۔ بتایا گیا ہے کہ تمام اُمور کی یکسوئی سے اتفاق کیا گیا ہے جن میں اشوک گہلوٹ کے کام کرنے کا طریقہ کار بھی شامل ہے۔ یہ واضح نہیں ہوسکا کہ سچن پائلٹ کی واپسی پر اُن کے دونوں عہدے یعنی ڈپٹی چیف منسٹر اور ریاستی کانگریس کے صدر کی بحالی ہوگی یا نہیں؟ سچن پائلٹ کے مطالبات میں اشوک گہلوٹ کو چیف منسٹر کے عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ بھی شامل ہے لیکن ذرائع کے مطابق اس کا سوال پیدا نہیں ہوگا ۔ یہ ملاقات تقریباً دو تا تین گھنٹوں تک جاری رہی ۔ بتایا گیا ہے کہ سچن پائلٹ گزشتہ چند دن سے کانگریس قیادت سے مسلسل رابطہ میں تھے لیکن ملاقات کا فیصلہ چار دن قبل کیا گیا جبکہ راجستھان اسمبلی کا خصوصی اجلاس 14 اگسٹ سے ہونے والاہے جس میں اشوک گہلوٹ اعتماد کا ووٹ حاصل کریں گے۔ اشوک گہلوٹ نے پارٹی کے ارکان اسمبلی سے کہا کہ وہ فلور ٹسٹ کے موقع پر اتحاد کا مظاہرہ کریں۔ اُنھوں نے اعتماد کا ووٹ جیتنے کے عزم کا اظہار کیا ہے ۔ جئے پور سے موصولہ ایک اطلاع کے بموجب باغی رکن اسمبلی بھنور لال شرما نے آج اشوک گہلوٹ سے ملاقات کی اور دونوں گروپس میں مصالحت کی تجویز پیش کی ۔ چیف منسٹر سے ملاقات کے بعد اُنھوں نے کہاکہ راجستھان حکومت محفوظ ہے اور تمام باتیں منگل تک واضح ہوجائیں گی ۔ انھوں نے بتایا کہ دیگر باغی ارکان بھی جئے پور واپس ہوں گے ۔ اسی بیچ صدر کانگریس سونیا گاندھی نے اشوک گہلوٹ سے اس مسئلہ پر بات چیت کی ہے ۔ 200 رکنی راجستھان اسمبلی میں اشوک گہلوٹ کو 101 ارکان کی حمایت حاصل ہے ۔ احمد پٹیل ، کے سی وینوگوپال اور پرینکا گاندھی کے ساتھ رات دیر گئے سچن پائلٹ اور اُن کے حامیوں کے ساتھ بات چیت جاری تھی ۔