شہر میں بروقت کچرا نکاسی پر توجہ ، کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔7اکٹوبر(سیاست نیوز) مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآبادنے آمدنی میں اضافہ کے لئے مختلف اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور مرکز کی جانب سے پلاسٹک کے جن اشیاء پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اس فیصلہ پر سختی سے عمل آوری کو یقینی بنانے کے اقدامات کے ساتھ شہر میں آئندہ دو یوم کے دوران ہونے والی بارش کے سلسلہ میں متعدد اہم فیصلوں کو ممکن بنانے اور ایمرجنسی عملہ کو متحرک کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ کمشنر جی ایچ ایم سی مسٹر ڈی ایس لوکیش کمار نے آج ایک پریس کانفرنس کے دوران یہ بات بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں تعمیرات کو باقاعدہ بنانے کے علاوہ جائیدادوں کے ٹیکس کا تعین نہیں کیا گیا ہے ان جائیدادوں کے ٹیکس کے تعین کے سلسلہ میں اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کمشنر جی ایچ ایم سی نے زونل کمشنراں اور ڈپٹی کمشنراں جی ایچ ایم سی کے ہمراہ ویڈیو کانفرنس کے دوران شہر کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں کچہرے کی نکاسی کے انتظامات کو بہتر بنانے کے علاوہ سڑکوں پر کچہرا پھینکنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور جو لوگ کچہرے دان کے باہر کچہرا پھینکتے ہوئے پکڑے جائیں گے ان پر بھاری چالان کیا جائے گا۔مسٹر لوکیش کمار نے کہا کہ شہر حیدرآباد میں ڈینگو پر قابو پانے کے سلسلہ میں کئے گئے اقدامات میں بڑی حد تک کامیابی حاصل ہوئی ہے اور جی ایچ ایم سی کی جانب سے مچھر کش ادویات کے چھڑکاؤ کے سلسلہ میں جو اقدامات کئے جا رہے ہیں ان میں مزید بہتری لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔کمشنر جی ایچ ایم سی نے کہا کہ پلاسٹک کی پالی تھن کی غیر مجاز تیاری اور اس کے استعمال کی صورت میں صنعتوں اور تجارتی ادارو ںکو مہر بند کرنے سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا اور ان پر بھاری چالانات کئے جائیں گے۔انہوںسڑکوں کی صورتحال کے متعلق تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ جی ایچ ایم سی کی جانب سے بارش کے سبب خستہ ہونے والی سڑکوں کو بہتر بنانے اور ان کی مرمت کے کاموں کا سلسلہ جاری ہے اور اس بات کی کوشش کی جارہی ہے کہ آئندہ چند ہفتوں کے دوران تمام سڑکوں بہتر بنایا جائے۔ بارش کے پانی کی نکاسی میں ڈرینیج نظام کی ناکامی کے سلسلہ میں دریافت کئے جانے پر انہوں نے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں 2 سینٹی میٹر بارش کے بعد ہی بارش کے پانی کی نکاسی کا نظام متاثر ہورہا ہے اور اس سے کم بارش کی صورت میں پانی کی نکاسی میں کوئی دشواری پیدانہیں ہورہی ہے۔