سڑک حادثات میں تین افراد ہلاک

   

حیدرآباد /31 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) شہر و نواحی علاقہ میں پیش آئے سڑک حادثات میں تین افراد ہلاک ہوگئے ۔ گچی باؤلی پولیس کے مطابق 34 سالہ سید ذوالفقار علی جو پیشہ سے ڈرائیور کل رات پیش آئے سڑک حادثہ میں ہلاک ہوگیا ۔ سید ذوالفقار چراغ پلی علاقہ ظہیرآباد کا ساکن تھا ۔ یہ شخص ٹاٹا گاڑی میں شمس آباد ترکاری مارکٹ آیا تھا اور واپس ہو رہا تھا کہ گچی باؤلی روڈ پر حادثہ پیش آیا ۔ ایک تیز رفتار کار نے ان کی گاڑی کو ٹکر دے دی اور اس حادثہ میں ذوالفقار فوت ہوگیا اور دیگر دو افراد زخمی ہوگئے ۔ گچی باؤلی پولیس کے مطابق 33 سالہ پرشوتم جو پیشہ سے پی او پی کا کام کرتا تھا ۔ گوپن پلی تانڈہ علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے ۔ جس کا آبائی مقام اترپردیش بتایا گیا ہے دو ماہ قبل روزگار کے سلسلہ میں آیا تھا کل یہ شخص ساتھی کے ہمراہ موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ موٹر سائیکل گولی دوڈی کے علاقہ میں بے قابو ہوکر حادثہ کا شکار ہوگئی اور شدید زخمی حالت میں پرشوتم نامی شخص ہلاک اور اس کا ساتھی شدید زخمی ہوگیا ۔ بالاپور پولیس کے مطابق 25 سالہ پرمیش جو پیشہ سے پٹرول پمپ ملازم ناگرکرنول علاقہ کا ساکن تھا ۔ یہ شخص پٹرول پمپ پر ملازمت کرتا تھا جو آج صبح موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ تیز رفتار بے قابو ریڈی میکس کی ٹکر سے ہلاک ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں۔