سڑک حادثات میں کمی کیلئے پولیس کے قابل ستائش اقدامات

   

روڈ سیفٹی اور ٹریفک مینجمنٹ پر سالانہ جلسہ ، مہیندر ریڈی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 26 ۔ نومبر (سیاست نیوز) سڑک حادثہ میں ایک شہری کی موت ان کے خاندان کو متاثر کرتی ہے ۔ سڑک حادثات کی روک تھام اور حادثات میں اموات پر قابو پانا وقت کی اہم ضرورت ہے اور سائبر آباد پولیس کے اس جانب اقدامات قابل ستائش ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار ریاست تلنگانہ کے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس مسٹر مہیندر ریڈی نے کیا ۔ انہوں نے آج یہاں روڈ سیفٹی اور ٹریفک مینجمنٹ پر منعقدہ سالانہ جلسہ کو مخاطب کیا ۔ سوسائٹی فار سائبر آباد سیکوریٹی کونسل اور سائبر آباد پولیس کی جانب سے منعقدہ اس پروگرام میں ڈائرکٹر جنرل آف پولیس نے شرکت کی جو ٹریفک مینجمنٹ اور روڈ سیفٹی پر منعقد کیا گیا ۔ سائبر آباد پولیس نے ایس سی، ایس ٹی کے اشتراک سے اس پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا ۔ ڈی جی پی نے کہا کہ ہر سال سڑک حادثات کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے اور اموات کی روک تھام کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ تاہم حادثات کی روک تھام کیلئے پولیس کی جانب سے قابل ستائش اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے اس موقع پر چینائی پولیس کی جانب سے کئے گئے اقدامات کو ستائش کی اور بتایا کہ چینائی پولیس کے اقدامات میں سال 2016 ء تا 2018 ء کے درمیان سڑک حادثات میں 35 فیصد اموات میں کمی ہوئی ہے ۔ ڈی جی پی نے کہا کہ ایس سی ، ایس سی کے ساتھ سائبر آباد پولیس کے اقدامات سے بہترین نتائج برآمد ہورہے ہیں ۔ انہوں نے اس موقع پر مغربی ممالک میں پولیس کے اقدامات اور ریاست کی پولیس کے اقدامات کا تقابل کیا اور بتایا کہ مغربی ممالک میں روڈ سیفٹی اور مینجمنٹ کے علاوہ ٹریفک کے مسائل کو انجنیئرنگ ڈپارٹمنٹ انجام دیتا ہے جبکہ پولیس صرف قانون اور امن و ضبط کے اقدامات انجام دیتے ہیں جبکہ ریاست میں سارے امور کو پولیس ہی انجام دیتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سڑک حادثات پر شعور بیداری ضروری ہے ۔ چونکہ سڑک حادثہ میں ایک شہری کی موت دراصل اس کے خاندان کے موت کے مترادف ہے چونکہ اس کی موت سے ملازمت چلی جاتی ہے اور اس سے جڑے ہوئے افراد کی زندگیاں بھی متاثر ہوئی ہیں ۔ ڈائرکٹر جنرل آف پولیس مسٹر مہیندر ریڈی نے کہا کہ ہر سال سارے عالم میں 12 لاکھ شہری سڑک حادثات میں ہلاک ہوئے ہیں تو ہندوستان میں 1.1 لاکھ شہری ہلاک ہورہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عوامی شعور بیداری اور بہتر مینجمنٹ کے ذریعہ ہی حادثات پر روک تھام اور اموات پر قابوپایا جاسکتا ہے ۔ اس اجلاس کو سائبر آباد پولیس کمشنر مسٹر وی سی سمینار کے علاوہ مہیش بھگوت رچہ کنڈہ پولیس کمشنر مسٹر کرشنا پرساد ، مسٹر سندیپ شنڈالیہ و دیگر نے مخاطب کیا جبکہ اس پروگرام میں محکمہ پولیس کے اعلیٰ عہدیدار موجود تھے ۔