سڑک حادثہ میں مسلم نوجوان جوڑاہلاک

   

مدور۔/23جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) چیریال منڈل کے موضع علی آباد کا ایک مسلم جوڑا آج صبح ضلع بھونگیر کے راجا پیٹ منڈل کے حدود میں پیش آئے ایک خوفناک سڑک حادثہ میں فوت ہوگیا جس کے سبب 9 سالہ کم عمر لڑکی بیک وقت یتیم و یسیر ہوکر بے سہارا ہوگئی۔ علی آباد کے مقامی سرپنچ شیخ فقیر سمیر محمد شریف کے بموجب 26 سالہ شیخ بابا نامی سنگ تراش اپنی اہلیہ 25 سالہ صفیہ اور 9 سالہ دختر کے ہمراہ اپنے برادر نسبتی کی شادی کی غرض سے راجا پیٹ بذریعہ موٹر سیکل جارہے تھے ۔ دوران سفر موضع بسوا پور کے قریب تیز رفتار موٹر سیکل بے قابو ہرک لب سڑک موجود بھاری لاری سے ٹکر اکر موٹر سیکل سوار 26 سالہ شیخ بابا، 25 سالہ صفیہ برسر موقع فوت ہوگئے۔ اطلاع پاکر راجا پیٹ پولیس نے نعشوں کو بغرض پوسٹ مارٹم آلیر دواخانہ کو منتقل کیا نیز کیس درج کرتے ہوئے تحقیقات کرنے کا اعلان کیا۔ نعشوں کی علی آباد آمد کے بعد کل بعد نماز فجر آبائی قبرستان علی آباد میں تدفین عمل میں آئے گی۔