سکریٹریٹ کی مساجد کیلئے 26 فروری کو سنگ بنیاد

,

   

ایک سال میں تعمیر کی تکمیل کا عہد،ریاستی وزراء کا عوامی نمائندوں اور مذہبی قائدین کے ساتھ اجلاس

حیدرآباد: تلنگانہ سکریٹریٹ کے احاطہ میں مساجد کی تعمیر کیلئے 26 فروری کو سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے سکریٹریٹ کامپلکس کی تعمیر سے قبل مسجد ، مندر اور چرچ کی تعمیر کا کام مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ مساجد کی تعمیر کے سلسلہ میں مسلمانوں میں پھیلی بے چینی دور کرنے کیلئے ریاستی وزراء محمد محمود علی ، کے ایشور اور سرینواس یادو نے آج مسلم عوامی نمائندوں اور مذہبی شخصیتوں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا تھا ۔ اجلاس میں طئے کیا گیا کہ 26 فروری کو علمائے اکرام کی موجودگی میں مساجد کی تعمیر کیلئے سنگ بنیاد رکھا جائے۔ حکومت ماہر آرکیٹکٹ کے ذریعہ مسجدکا ڈیزائن تیار کرے گی۔ اجلاس میں طئے کیا گیا کہ مساجد کے لئے مختص کردہ 1500 گز اراضی کی پہلے حصار بندی کردی جائے جس کے بعد تعمیری کام کا آغاز ہوگا۔ ریاستی وزراء نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ عظیم سیکولر قائد ہیں اور تمام مذاہب کا یکساں طور پر احترام کرتے ہیں۔ وزراء نے یقین دلایا کہ سکریٹریٹ میں ہونے والی تعمیر نو میں کسی بھی عبادت گاہ کی تعمیر کے سلسلہ میں کوئی کمی یا تاخیر نہیں ہوگی۔ وزراء نے تیقن دیا کہ حکومت اپنے وعدہ کے مطابق عبادت گاہیں موجودہ مقامات پر دوبارہ تعمیر کرے گی اور اس سلسلہ میں کسی شبہ کی گنجائش نہیں ہونی چاہئے ۔ عوام کو پریشان یا الجھن میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ مقررہ وقت پر تمام عبادت گاہوں کو تعمیر کیا جائے گا ۔ اجلاس کے بعد وزیر داخلہ محمد محمود علی نے بتایا کہ چیف منسٹر وعدہ کے مطابق تینوں عبادت گاہوں کی تعمیر میں سنجیدہ ہیں اور عالیشان مساجد تعمیر کی جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ مساجدکی دوبارہ تعمیر کے سلسلہ میں مسلمانوں کو حکومت پر مکمل بھروسہ کرنا چاہئے کیونکہ چیف منسٹر وعدہ کے پابند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عبادت گاہوں کی تمام اراضیات کی حصار بندی کے بعد تعمیری کام کا آغاز ہوگا۔ علمائے اکرام کی موجودگی میں سنگ بنیاد کی تقریب منعقد ہوگی۔ محمود علی نے یقین ظاہر کیا کہ اندرون ایک سال مساجد کی تعمیر کا کام مکمل ہوجائے گا۔ عنقریب ایک اور اجلاس منعقد کرتے ہوئے تقریب سنگ بنیاد کو قطعیت دی جائے گی ۔ اجلاس میں شریک عوامی نمائندوں اور مذہبی رہنماؤں نے سنگ بنیاد کی تاریخ طئے کرنے پر مسرت کا اظہار کیا۔ اجلاس میں ارکان مقننہ محمد فریدالدین ، عامر شکیل ، فاروق حسین ، احمد پاشاہ قادری ، احمد بلعلہ ، صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم ، امیر جماعت اسلامی حامد محمد خاں ، حافظ پیر شبیر احمد ، مفتی غیاث رحمانی کے علاوہ دیگر معززین شریک تھے۔