سکریٹریٹ کی مساجد کے مسئلہ پر 12 جولائی کو چلو پرگتی بھون احتجاج

   

کانگریس قائدین کا اعلان، مسلم جماعتوں اور تنظیموں سے تعاون کا حصول
حیدرآباد 5 جولائی (سیاست نیوز) کانگریس قائدین نے سکریٹریٹ کی مساجد کے تعمیری کاموں کے آغاز کے لئے حکومت پر دباؤ بنانے 12 جولائی کو چلو پرگتی بھون پروگرام کا اعلان کیا ہے۔ اِس سلسلہ میں مسلم تنظیموں اور جماعتوں سے تعاون حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے تاکہ اِس پروگرام کو کامیاب بنایا جائے۔ سکریٹری تلنگانہ پردیش کانگریس محمد راشد خان نے سینئر قائد محمد فیروز خان کی قیادت میں تحریک مسلم شبان، مجلس بچاؤ تحریک اور دیگر مسلم تنظیموں کے ذمہ داروں سے ملاقات کی اور سکریٹریٹ کی مساجد کی جدوجہد میں شامل ہونے کی اپیل کی۔ اُنھوں نے کہاکہ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کو اِس پروگرام سے واقف کروایا جائے گا تاکہ پارٹی کے سینئر قائدین کی شرکت یقینی ہوسکے۔ سکریٹری پردیش کانگریس نے الزام عائد کیاکہ حکومت مساجد کی تعمیرنو کے سلسلہ میں مسلمانوں کو گمراہ کررہی ہے۔ وزیرداخلہ محمود علی نے تعمیری کاموں کے آغاز کے لئے اب تک 3 مرتبہ مختلف تواریخ کا اعلان کیا تھا لیکن کسی بھی تاریخ کو کام شروع نہیں ہوا۔ راشد خان نے کہاکہ حکومت کو چاہئے کہ وہ مسلم قائدین اور مذہبی رہنماؤں کو سکریٹریٹ کا دورہ کراتے ہوئے مساجد کے مقام کی نشاندہی کرے۔ اُنھوں نے کہاکہ گزشتہ سال جولائی میں مساجد شہید کی گئی تھیں اور ایک سال مکمل ہونے کے باوجود تعمیرنو کے سلسلہ میں کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ہے۔ سابق میں سکریٹریٹ کی مساجد میں نماز کی ادائیگی کے لئے چلو سکریٹریٹ پروگرام منظم کیا گیا تھا لیکن پولیس نے علاقہ کی ناکہ بندی کرتے ہوئے احتجاجیوں کو گرفتار کرلیا۔ راشد خان نے کہاکہ مساجد کی تعمیرنو کے لئے چیف منسٹر کو حکومت کا موقف واضح کرنا چاہئے لہذا چلو پرگتی بھون پروگرام میں عوام کو کثیر تعداد میں شرکت کرنی چاہئے۔