حیدرآباد ۔ 23 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کی تعمیر نو کے جاری کاموں کے ایک حصے کے طور پر ساوتھ سنٹرل ریلوے نے ٹریفک کی بھیڑ کو کم کرنے اور اسٹیشن کے احاطے میں گاڑیوں کی نقل و حرکت کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کئے ہیں ۔ پلیٹ فارم نمبر 1 کی طرف پارکنگ کی سہولت کو عارضی طور پر معطل کردیا گیا ہے ۔ جس میں صرف پک اپ اور ڈراپ خدمات کی اجازت ہے ۔ جبکہ پلیٹ فارم نمبر 10 پر غیر مجاز پارکنگ اور گاڑیوں کی رکاوٹ کو روکنے کے لیے ایکسیس کنٹرول سسٹم نافذ کیا گیا ہے ۔ ساوتھ سنٹرل ریلوے حکام نے بتایا کہ اس زون میں داخل ہونے والے مسافروں کو پندرہ منٹ تک مفت پک اپ اور ڈراپ کی سہولت فراہم کی جاتی ہے ۔ اس کے بعد مجاز پارکنگ میں کھڑی ہونے والی گاڑیوں پر اوور اسٹے چارجس وصول کئے جائیں گے ۔ ان اقدامات کا مقصد ٹریفک کے بلاتعطل بہاؤ کو برقرار رکھنا اور بحالی کے مرحلے کے دوران مسافروں کی سہولت میں اضافہ کرنا ہے ۔ تاہم ٹرینوں میں سوار ہونے کے ساتھ ساتھ پک اپ ، ڈراپ اور پارکنگ کے مقاصد کے لیے پلیٹ فارم نمبر 10 کی جانب زیر زمین تہہ خانے میں چار پہیوں اور دو پہیوں والی گاڑیوں کے لیے پارکنگ کی کافی سہولت فراہم کی گئی ہے ۔ ریل استعمال کرنے والوں سے کہا گیا ہے کہ وہ پلیٹ فارم نمبر 10 کی طرف فراہم کی گئی تہہ خانے کی پارکنگ کی سہولت کو استعمال کریں تاکہ اسٹیشن پر بغیر کسی پریشانی کے ٹریفک کی نقل و حرکت کی جاسکے اور غیر مجاز پارکنگ کے لیے زیادہ قیام کے معاوضے سے بچیں ۔ پلیٹ فارم نمبر 10 کے تہہ خانے میں مجاز پارکنگ کے لیے پارکنگ ٹیرف جی ایس ٹی سمیت اس طرح ہیں ۔ چار پہیوں والی گاڑی کے لیے پہلے دو گھنٹوں کے لیے 40 روپئے اور اس کے بعد ہر گھنٹہ 20 روپئے حاصل کئے جائیں گے ۔ دو پہیوں کی گاڑی کے لیے پہلے دو گھنٹوں کے لیے 25 روپئے اس کے بعد ہر گھنٹہ 10 روپئے کے حساب سے حاصل کئے جائیں گے ۔ سائیکل کے لیے پہلے دو گھنٹے کے لیے 5 روپئے اور اس کے اگلے ہر گھنٹہ کے لیے 2 روپئے حاصل کئے جائیں گے ۔۔ ش