سکندرآباد کنٹونمنٹ علاقہ میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ

   

60 دن پر مشتمل انتخابی شیڈول کی اجرائی، 30 اپریل کو رائے دہی، یکم ؍ مئی کو نتائج
حیدرآباد ۔ 25 فبروری (سیاست نیوز) سکندرآباد کنٹونمنٹ بورڈ کے امتحانات کا عمل شروع ہوگیا ہے۔ گذشتہ ہفتہ ہی مرکزی محکمہ دفاع نے انتخابات کی تواریخ کو قطعیت دیتے ہویء گزٹ جاری کیا تھا جس کے تناظر میں کنٹونمنٹ بورڈ کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ 60 دن تک جاری رہنے والے انتخابی عمل، ووٹرس کے اندراج، پرچہ نامزدگیاں، امیدواروں کو انتخابی نشانات کے الاٹمنٹ، رائے دہی، اس طرح مختلف تواریخ پر مشتمل انتخابی عمل کی تفصیلات کے شیڈول کو قطعیت دی گئی ہے، جس سے کنٹونمنٹ کے حدود میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہوگیا ہے۔ 2 مارچ کو نئے ووٹرس کے اندراج کیلئے اخبارات میں اشتہار دیا جائے گا تب سے 4 مارچ تک ووٹوں کا اندراج کیا جائے گا جس کے بعد 23 مارچ کو مکمل ووٹر لسٹ جاری کی جائے گی۔ 28 اور 29 مارچ کو شام میں پرچہ نامزدگیاں داخل کرنے والے امیدواروں کی فہرست جاری کی جائے گی۔ یکم تا 3 اپریل تک پرچہ نامزدگیوں کی تنقیح ہوگی۔ 6 اپریل کو پرچہ نامزدگیوں سے دستبردار ہونے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ 10 اپریل کو امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ کئے جائیں گے جس کے بعد 20 دن تک امیدواروں کو انتخابی مہم چلانے کی مہلت دی جائے گی۔ 30 اپریل کو صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک رائے دہی ہوگی اور یکم ؍ مئی کو ووٹوں کی گنتی اور نتائج کا اعلان ہوگا۔ن