سکندر رضا پہلی بار ونڈے آل راؤنڈرز میں نمبر ون

   

دبئی، 3 ستمبر (آئی اے این ایس) زمبابوے کے اسٹار کرکٹر سکندر رضا نے پہلی بار شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے آئی سی سی کی تازہ ترین ونڈے درجہ بندی میں آل راؤنڈرزکی فہرست میں پہلا مقام حاصل کرلیا ہے ۔ یہ اعزاز انہیں سری لنکا کے خلاف ہرارے میں کھیلی گئی دو میچوں کی سیریز میں شاندار کھیل کی بدولت ملا۔ 39 سالہ رضا نے اس سیریز میں 92 اور ناقابلِ شکست 59 رنز بنائے، ساتھ ہی ایک وکٹ بھی حاصل کی۔ اس کارکردگی کی بدولت انہوں نے افغانستان کے کرکٹرز عظمت اللہ عمرزئی اور محمد نبی کو پیچھے چھوڑ دیا، جو اب بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔ رضا کا اس سے قبل بہترین مقام دسمبر2023 میں حاصل کیا گیا دوسرا مقام تھا۔ رضا کے مجموعی 151 رنز کی بدولت وہ بیٹنگ فہرست میں بھی9 درجے ترقی پاکر22ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں، جو ان کے کیریئر کی بہترین 24 ویں مقام (جون 2023) کے قریب ہے۔ وہ بولنگ کی فہرست میں بھی ایک درجہ ترقی پاکر 38 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ سری لنکا کے اوپنر پاتھم نسانکا، جنہوں نے سیریز میں سب سے زیادہ 198 رنز اسکور کیے اور پلیئر آف دی سیریز قرار پائے، وہ سات درجے ترقی پاکر 13ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ سری لنکا کے جنیتھ لیاناجے (13 درجے ترقی پاکر 29ویں) اور زمبابوے کے شان ولیمز (3 درجے ترقی کے بعد 47ویں) بھی فہرست میں بہتری حاصل کرنے والوں میں شامل ہیں۔ علاوہ ازیں جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کے درمیان ہیڈنگلے میں کھیلے گئے پہلے ونڈے کے بعد بھی درجہ بندی میں تبدیلیاں ہوئیں۔ افریقی اسپنر کیشو مہاراج نے سری لنکا کے ماہییش تھیکشنا کو پیچھے چھوڑتے ہوئے بولنگ درجہ بندی میں نمبر ون مقام حاصل کرلیا ہے۔ انہوں نے انگلینڈ کے خلاف 22 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں۔ اس میچ کے بعد جوفرا آرچر (6 درجے ترقی پا کر19ویں) اور لنگی نگیڈی (5 درجے اوپر آکر مشترکہ 23ویں) بھی درجہ بندی میں بہتر مقامات پرآگئے ہیں۔ سری لنکا کے اسیتھا فرنانڈو چھ درجے ترقی پاکر 31ویں جبکہ دلشان مدوشانکا ہرارے ونڈے میں 62 رنز کے عوض 4 وکٹیں (جس میں ہیٹ ٹرک بھی شامل تھی) لے کر 60ویں سے 52ویں مقام پرآگئے ہیں۔