سکیولر طاقتوں کو متحد کرنیکے سی آر آگے آئیں :لالو پرساد یادو کی خواہش

,

   

دونوں قائدین کی فوت پر بات چیت ۔ مخالف بی جے پی محاذ کیلئے سرگرمیاں تیز ۔ تیجسوی یادو نے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کی

حیدرآباد/11 جنوری ( رشید الدین) بہار اسمبلی میں قائد اپوزیشن اور آر جے ڈی قائد تیجسوی پرساد یادو نے آج پرگتی بھون میں چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کی۔ سابق چیف منسٹر لالو پرساد یادو کے فرزند تیجسوی یادو کے ہمراہ سابق وزیر بہار عبدالباری صدیقی، سابق رکن کونسل سنیل سنگھ اور سابق رکن اسمبلی بھولا یادوموجود تھے۔ چیف منسٹر کے دفتر نے اس ملاقات کو خیرسگالی قرار دیا ہے تاہم ذرائع کے مطابق قومی سطح پر مخالف بی جے پی محاذ کی تیاری کی سرگرمیوں کے تحت یہ ملاقات ہوئی۔ چیف منسٹر اور آر جے ڈی قائد کے درمیان ملک کی تازہ ترین سیاسی صورتحال اور بی جے پی کے خلاف مضبوط محاذ کی تیاری کے مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ تیجسوی یادو نے قومی سطح پر اس سلسلہ میں دیگر جماعتوں سے مشاورت کا یقین دلایا۔واضح رہے کہ کے سی آر نے گزشتہ دنوں سی پی آئی اور سی پی ایم کے قومی قائدین سے ملاقات کی تھی۔ سی پی ایم کے قومی جنرل سکریٹری سیتا رام یچوری، سی پی آئی کے قومی جنرل سکریٹری ڈی راجہ اور کیرالا کے چیف منسٹر پی وجین نے مخالف بی جے پی محاذ کی تیاری میں تعاون کا یقین دلایا تھا۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر چاہتے ہیں کہ کانگریس اور بی جے پی کے متبادل کے طور پر محاذ تیار کیا جائے لیکن بائیں بازو کی جماعتیں اور ڈی ایم کے نے کانگریس کے بغیر مخالف بی جے پی مضبوط محاذ کو غیر یقینی قرار دیتے ہوئے کے سی آر کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔ تیجسوی یادو کی جانب سے ملاقات کے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔تیجسوی یادو نے چیف منسٹر کے سی آر کی فون پر اپنے والد لالو پرساد یادو سے بات کرائی اور دونوں قائدین نے قومی سطح پر سیکولر اور جمہوری طاقتوں کو مستحکم کرنے باہمی تعاون سے اتفاق کیا ۔ مذاکرات کے موقع پر ٹی آر ایس ورکنگ صدر کے ٹی راما راؤ اور رکن راجیہ سبھا سنتوش کمار موجود تھے ۔ ذرائع کے مطابق بی جے پی سے مقابلہ کیلئے سیکولر طاقتوں کو متحد کرنے سے تیجسوی یادو نے اتفاق کیا اور کہا کہ ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی اور اقلیتی طبقات کے علاوہ کسانوں کو متحد کرنے کی ضرورت ہے ۔ مرکز میں بی جے پی کو اقتدار سے بیدخل کرنے سیکولر پارٹیوں کو جدوجہد کرنی ہوگی ۔ اس سلسلہ میں بہت جلد حکمت عملی طئے کرنے سے اتفاق کیا گیا ۔ چیف منسٹر نے تیجسوی یادو کو بائیں بازو کی جماعتوں کے قومی قائدین سے حالیہ ملاقات کی تفصیلات سے واقف کرایا ۔ ذرائع کے مطابق کے سی آر نے جب لالو پرساد سے صحت کے بارے میں دریافت کیا تو انہوں نے کے سی آر سے کہا کہ صحت تو ٹھیک ہے لیکن آپ کو سیکولر طاقتوں کی قیادت کیلئے آگے آناچاہیے ۔ لالو نے تلنگانہ جدوجہد میں کے سی آر کے رول کا ذکر کیا اور کہا کہ جس طرح تلنگانہ کیلئے قومی جماعتوں کی تائید حاصل کی گئی اسی طرح بی جے پی کے خلاف جماعتوں کو متحد کرنے میں کے سی آر کو اہم رول ادا کرنا چاہئیے ۔ تیجسوی یادو سے اترپردیش کی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی ۔ شردپوار نے سماجی وادی پارٹی کی تائید کا اعلان کیا ہے ۔ اس کے علاوہ بی جے پی سے کئی قائدین استعفی دے کر سماج وادی میں شامل ہورہے ہیں ۔ کے سی آر و تیجسوی یادو نے اترپردیش میں بی جے پی کو شکست دینے متحدہ حکمت عملی کا منصوبہ بنایا ہے ۔