پابندی سے دستبرداری اختیار کی جائے ، جئے مہا بھارت پارٹی
حیدرآباد ۔ 22 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : سیاسی مفادات کی خاطر حجاب کے مسئلہ کو مذہبی رنگ دیتے ہوئے ماحول کو آلودہ کرنے کی سازش کی جارہی ہے ۔ حکومت کرناٹک کو چاہئے کہ وہ حجاب پر پابندی کے مسئلہ سے فوری دستبرداری اختیار کرلے ۔ ان خیالات کا اظہار جے مہا بھارت پارٹی کے قائد و انچارج انٹرنیشنل جے مہا بھارت پارٹی جناب افتخار احمد نے کیا ۔ انہوں نے آج یہاں حیدرآباد میں ایک پریس کانفرنس کو مخاطب کیا ۔ اس موقع پر بانی صدر اے وشنو دیوا پربھو و دیگر موجود تھے ۔ افتخار احمد نے کہا کہ حجاب پابندی خواتین کے حقوق اور ان کی آزادی پر کاری ضرب ہے ۔ حجاب کرنے والی خواتین حجاب میں اپنے آپ کو محفوظ تصور کرتی ہیں اور پردہ کا اہتمام ملک کی مختلف ریاستوں میں مختلف انداز میں مسلم اور غیر مسلم خواتین کی جانب سے کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے بی جے پی حکومت پر ملک کو تقسیم کرنے کی پالیسی کا الزام لگایا اور کہا کہ سماج کو مذہب کی بنیاد پر بانٹ کر حکومت کرنا انگریزوں کی پالیسی کا حصہ ہے جس پر بی جے پی عمل کررہی ہے ۔ انہوں نے حجاب پر فوری پابندی ہٹاتے ہوئے مسلم خواتین کے احترام کا مطالبہ کیا اور ساتھ ہی ہندو خواتین کے تحفظ اور ان کے احترام کے اقدامات پر توجہ دینے کی مانگ کی ۔ اس موقع پر جے مہا بھارت پارٹی کے ریاستی قائدین عبدالقادر ، پدما ، سمپت اور دیگر موجود تھے ۔۔ ع