قول و فعل کے ذریعہ مسلمانوں کو رسوا نہ کرنے کا مشورہ ، مفتیان کا اجلاس ، محمد مشتاق ملک و علماء کا خطاب
حیدرآباد ۔ 27 ۔ جنوری : ( راست ) : مساجد شعائر اسلام ہے اس کی بے حرمتی موجب کفر ہے اور غیر اللہ کے عقیدہ کا احترام کیا جائے مگر نفع و نقصان کے ڈر سے احترام کرنا توحید خالص جیسی نعمت کے خلاف شرکیہ عمل ہے ۔ تحریک مسلم شبان کے زیر اہتمام صدر دفتر پر آج ایک اجلاس مساجد کی اہمیت اور مندر پر مسلمانوں کے موقف کے ساتھ مسلمانوں کا بالخصوص مسلم وزیر تلنگانہ کا پوجا پاٹ میں شرکت اور پنڈت سے پرساد حاصل کرنے پر غور و فکر کے لیے منعقد ہوا ۔ علماء و مفتیان اور دیگر دینی و ملی جماعتوں نے اپنے اس احساس کا اظہار کیا کہ وزیر ہو یا سیاسی و غیر سیاسی مسلمان اگر پوجا پاٹ کی محفل میں شرکت کرے تو وہ شرک ہے توبہ لازم ہوجاتی ہے ۔ توحید کے منافی کسی بھی عمل کی اللہ اور رسولؐ نے منع ہی نہیں کیا بلکہ اس کو شرک کہا گیا ۔ توبہ لازم ہے اور آئندہ ایسا عمل نہیں کرنا چاہئے ۔ اجلاس میں شریک اور رائے روانہ کرنے والے علماء و مفتیان نے جن میں مفتی محمد عبدالمغنی صدر جمعیتہ العلماء ، مولانا سید شاہ درویش محی الدین قادری المعروف مرتضی پاشاہ ، مفتی محبوب شریف نظامی دارالافتاء مدرسہ رحمت العلوم ، مولانا سید شاہ حامد حسین شطاری سنی علما بورڈ ، مولانا محمد نصیر الدین امیر وحدت اسلامی ، مولانا واجد حسین مدنی جمعیتہ الحدیث ، مفتی محمد منظور شامل تھے کہا کہ تمام سیاسی مسلم قائدین سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ غیر اسلامی تقاریب پوجا پاٹ جیسے عمل سے اپنے آپ کو دور رکھیں ۔ توحید اور عقیدہ کی حفاظت کریں ۔ ایمان کی دولت سب سے بڑی دولت ہے اس کو سمجھیں اور اگر ان تقاریب میں شرکت کرچکے تو توبہ و استغفار کریں ۔ آئندہ ایسے عمل نہ کرنے کا عہد کریں ۔ مسلم سیاسی قائدین مسلمانوں کے نمائندہ ہیں ، اپنے قول اور فعل کے ذریعہ مسلمانوں کو رسوا نہ کریں ۔ جناب محمد مشتاق ملک صدر تحریک مسلم شبان جو اس اجلاس کی صدارت کررہے تھے کہا کہ وزیر داخلہ نے فون پر بتلایا کہ وہ بحیثیت وزیر مدعو تھے اور وہ ایک سچے اور پکے مسلمان ہیں۔ پرساد لیے مگر اپنی سیکوریٹی کے عہدہ داروں کو دے دیا ۔ ایک راسخ العقیدہ باپ کے بیٹے ہیں جو اسلام اور اس کی روایات کے پاسدار تھے ۔ وزیر داخلہ نے زور دے کر کہا کہ وہ مذہب کے نام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرتے ۔ اس بیان پر علماء و مفتیان نے کہا کہ فعل نے ان کی غلطی کو ثابت کیا ہے ۔ قلب اور فکر کی کیفیت اللہ جانتا ہے چونکہ بظاہر فعل دیکھ رہا ہے ۔ اس لیے ان کو اس غلطی پر توجہ کرلینا چاہئے اور آئندہ ایسے فعل سے احتیاط برتنا چاہئے ۔ اجلاس نے تمام سیاسی قائدین سے گزارش کے ساتھ تنبیہہ بھی کیا کہ وہ اسلام اور توحید خالص کے خلاف کسی بھی عمل سے اجتناب کریں ۔ ملت آپ کی ترقی اور سیاسی قوت کی خواہش مند ہے ۔ جناب محمد مشتاق ملک صدر اجلاس نے واضح کیا کہ یہ اجلاس ٹی آر ایس ، کانگریس یا کسی بھی سیاسی جماعت یا شخصیت کے خلاف نہیں بلکہ دینی اقدار کی حفاظت اور رہنمائی کے لیے منعقد کیا گیا ہے ۔ اجلاس کے ابتداء میں جناب عارف قادری نے تفصیلات رکھی ۔ مفتی منظور ، صلاح الدین پرویز ، مولانا سید حامد حسین شطاری ، مولانا نصیر الدین ، مفتی مولانا واجد مدنی ، جناب مشتاق مجاہد ، جناب فاتح عالم ، جناب خالد محمد ، جناب محمد بن عبداللہ ، جناب محمد محبوب علی ، جناب شہباز احمد خاں و دیگر نے مباحث میں حصہ لیا ۔ مولانا نصیر الدین کی دعا پر اجلاس اختتام کو پہنچا ۔۔