سیاہی والے کاغذ میں پیاک کی جانے والی غذائی اشیاء مضر صحت

   

جگر کا مرض لاحق ہونے کا امکان ، فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈ اتھاریٹی کا انکشاف
حیدرآباد۔22اپریل(سیاست نیوز) سیاہی والے کاغذ میں پیاک کی جانے والی اشیاء تلن اگر آپ استعمال کرتے ہیں تو آپ اپنے جگر کو نقصان پہنچانے کا سامان تیار کر رہے ہیں کیونکہ سیاہی میں موجود مادہ جگر اور معدہ کو نقصان پہنچانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اخبارات اور کتابوں کی ردی جو اکثر تلن اور دیگر اشیاء خورد و نوش کو پیاک کرنے کیلئے استعمال کی جاتی ہے اس پر موجود سیاہی صحت انسانی کیلئے انتہائی مضر ہے اور بتدریج انسان کو کمزور کرنے کے علاوہ نظام مدافعت کو نقصان پہنچانے کا سبب بننے لگتا ہے۔ تلن کی اشیاء جیسے مرچی ‘ بھجیا وغیرہ جو کہ عام طور پر اخبارات کی یا کتابو ں کی ردی میں ہی باندھ کردی جاتی ہیں ان تلن کی اشیاء کے ذریعہ نکلنے والا تیل اور کاغذ پر موجود سیاہی کے سبب سیاہی کا اثر کھانے کی شئے تک سرائیت کر جاتا ہے جس کے سبب سیاہی کھانے کے اشیاء کے ذریعہ انسانی جسم میں داخل ہوتی ہے ۔ سیاہی کی تیاری میں انتہائی خطرناک کیمیکل کا استعمال ہوتا ہے اور اس کیمیکل کو ملاوٹ ہوئے اس سے نکلنے والی بدبو کوئی راست سونگھ لے تو ایسی صورت میں اسے سانس لینے میں تکلیف محسوس ہوتی ہے ۔ اس طرح کے کیمیکل سے تیار کی جانے والی سیاہی سے شائع کردہ اخبارات اور کتابوں کی ردی کے استعمال سے انسانی جسم میں موجود مدافعتی صلاحیت میں کمی واقع ہونے لگتی ہے جس کی وجہ سے انسان میں عدم اطمینان اور متلی کے علاوہ دیگر کئی شکایات محسوس ہوتی ہیں۔ دی فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈ اتھاریٹی آف انڈیا FSSAI کے عہدیداروں کے مطابق اخبارات یا کتابوں کی ردی میں اشیائے خورد و نوش کو باندھ کر فروخت کیا جانا انتہائی غیر صحتمندانہ عمل ہے اور اس شائع شدہ کاغذ میں پیاک کی گئی اشیاء کا استعمال انتہائی مضر ہے اس سلسلہ میں عوام کے درمیان شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے ۔ ماہر اطباء کا کہناہے کہ اس طرح کی غیر ذمہ دارانہ پیاکنگ میں باندھ کر دی جانے والی اشیاء خورد و نوش کے استعمال سے احتیاط کیا جانا چاہئے اور جب کبھی باہر یہ اشیاء خریدی جائیں تو اس بات سے احتیاط کریں کہ دکاندار شائع شدہ کاغذ میں ان اشیاء کو پیاک نہ کرے۔م