سید عمر جلیل کی معطلی برخاست کمشنر انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن و سکریٹری انٹرمیڈیٹ بورڈ مقرر

,

   

حیدرآباد /20 ستمبر ( سیاست نیوز ) تلنگانہ حکومت نے سید عمر جلیل آئی اے ایس کو معطلی سے بحال کئے جانے کے بعد کمشنر انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن اور سکریٹری انٹرمیڈیٹ بورڈ مقرر کیا ہے ۔ وہ ڈاکٹر اے اشوک سے ان عہدوں کی ذمہ داری حاصل کریں گے ۔ جن کا تبادلہ کردیا گیا ۔ چیف سکریٹری ایس کے جوشما نے آج اس سلسلہ میں جی او آر ٹی 2434 جاری کیا ۔ سید عمر جلیل کو 7 ماہ کی معطلی کے بعد بحال کرتے ہوئے یہ اہم ذمہ داری دی گئی ۔ واضح رہے کہ اسمبلی انتخاب کے موقع پر عمر جلیل کلکٹر وقارآباد کے عہدہ پر فائز تھے ۔ حلقہ اسمبلی وقارآباد کے شکست خوردہ امیدوار نے عدالت میں انتخابی عذرداری داخل کی تھی ۔ عدالت نے ای وی ایم مشینوں کو محفوظ رکھنے کی ہدایت دی تھی ۔ عدالتی احکامات ملنے میں تاخیر ہوگئی اس وقت تک بعض مشینوں کے سیل کھول دئے گئے تھے ۔ کانگریس امیدوار کی شکایت پر
الیکشن کمیشن نے تادیبی کارروائی کرتے ہوئے معطلی کی ہدایت دی تھی ۔ سید عمر جلیل محکمہ اقلیتی بہبود میں نمایاں خدمات انجام دے چکے ہیں ۔