سیسوڈیا و دیگر کے 52 کروڑ کے اثاثے ضبط

   

نئی دہلی : عام آدمی پارٹی کے رہنما اور سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سیسوڈیا، ان کی اہلیہ اور دیگر سے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے ذریعہ 52 کروڑ روپے سے زیادہ کے اثاثے ضبط کیے ہیں۔ تحقیقاتی ایجنسی نے اس کارروائی سے متعلق بیان جاری کیا ہے۔ سیسوڈیا کو ای ڈی اور سی بی آئی نے دہلی ایکسائز پالیسی کیس میں گرفتار کیا تھا۔ای ڈی کے مطابق 52 کروڑ روپے کی اس منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد میں منیش سیسوڈیا، ان کی بیوی سیما سیسوڈیا کی دو جائیدادوں کے ساتھ ساتھ راجیش جوشی اور گوتم ملہوترا کی 7 کروڑ 29 لاکھ روپے کی زمین اور فلیٹس بھی شامل ہیں۔ اس قرق کے عمل میں 44 کروڑ 29 لاکھ روپے کی نقدی اور منقولہ اثاثے ہیں۔اس میں سے 11 لاکھ 49 ہزار روپے سیسوڈیا کے ہیں اور 16 کروڑ 45 لاکھ روپے برنڈکو سیلز پرائیویٹ لمیٹڈ اور دیگر کے ہیں۔ ای ڈی نے اب تک ایکسائز پالیسی میں منی لانڈرنگ سے متعلق کیس میں 13 ملزمین کو گرفتار کیا ہے۔عام آدمی پارٹی کے لیڈر منیش سیسوڈیا کو سی بی آئی نے ایکسائز پالیسی کیس میں 26 فروری کو گرفتار کیا تھا۔ سیسوڈیا کو بعد میں ای ڈی نے اسی کیس سے متعلق ایک کیس میں گرفتار کیا تھا۔چار دن پہلے یعنی 3 جولائی کو دہلی ہائی کورٹ نے بھی منیش سیسوڈیا کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی تھی جس کے بعد وہ سپریم کورٹ گئے ہیں۔
انہوں نے اپنی بیوی سیما سیسوڈیا کی خرابی صحت کا حوالہ دیتے ہوئے ضمانت کی درخواست دی ہے۔